بالی وڈ اداکار سلمان خان مشہور رئیلٹی شو ’بگ باس‘ سیزن 12 کی بھی میزبانی کریں گے اور اس بار ان کا معاوضہ پہلے سے بھی زیادہ ہوگا۔
سلمان خان سلور اسکرین کے ساتھ ساتھ چھوٹے پردے پر بھی اجارہ داری قائم کیے ہوئے ہیں اور نامور ٹی وی شوز کی میزبانی کرتے نظر آرہے ہیں۔
سلو میاں اس وقت گیم شو’ دس کا دم‘ کے ساتھ چھوٹی اسکرین پر جلوہ گر ہیں تو وہیں اگلے مہینے سے ان کا ایک اور رئیلٹی شو ’بگ باس ‘ سیزن 12 شروع ہونے والا ہے۔
رئیلٹی شو ’بگ باس‘ سیزن 12 کی میزبانی کے فرائض بھی سلمان خان سر انجام دیں گے جس کی تشہیری مہم کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے۔
سلمان خان نے ’بگ باس‘ سیزن 11 سے کتنی کمائی کی؟
’بگ باس‘ کے 12 ویں سیزن میں میزبانی کے فرائض سر انجام دینے کے لیے سلو میاں نے تگڑا سودا کیا ہے اور وہ اس بار پچھلے سیزن سے زیادہ معاوضہ وصول کریں گے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سلمان خان ’بگ باس‘ سیزن 12 کی میزبانی کے لیے ایک قسط کے 14 سے 15 کروڑ بھارتی روپے چارج کریں گے۔
رئیلٹی شو ’بگ باس‘ سیزن 12 اگلے مہینے کے وسط سے شروع کیا جائے گا تاہم اگر پچھلے شو کی طرح 30 قسطیں ہوئیں تو سلو میاں کی اس بار کل کمائی 420 کروڑ بھارتی روپےہوجائے گی جو کہ بھارتی ٹی وی کی تاریخ کا سب سے زیادہ معاوضہ ہوگا۔
یاد رہے کہ سلمان خان نے سیزن 11 میں ایک قسط کی میزبانی کا معاوضہ 11 کروڑ بھارتی روپے وصول کیا تھا جب کہ یہ شو 15 ہفتے جاری رہا تھا اور اس کی 30 قسطیں نشر کی گئیں تھیں جس پر ان کی مجموعی کمائی 330 کروڑ بھارتی روپے بنی تھی۔