اسلام آباد: پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ چینی شہریوں کا تحفظ اور سی پیک کی سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد چینی وزیر خارجہ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ‘پاک ۔ چین دوستی کو عوامی اور حکومتی سطح پر بھرپور پذیرائی حاصل ہے اور وانگ ژی پاکستان کے دیرینہ دوست ہیں۔’
انہوں نے کہا کہ ‘آج کے مذاکرات میں دوطرفہ تعلقات اور عالمی امور پر بات چیت ہوئی، چینی وزیر خارجہ سے غربت کے خاتمے، تجارتی تعاون بڑھانے اور برآمدات کے فروغ سمیت اہم امور پر بات کی ہے۔’
ان کا کہنا تھا کہ ‘دہشت گردی کے خلاف مشترکہ میکینزم بنانے اور چین کے ساتھ برآمدات پر سبسڈیز پر بھی بات ہوئی ہے۔’
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ‘پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا ہے اور چین نے پاکستان کی قربانیوں کو سراہا، پاکستان پرعزم ہے کہ وہ اپنی سرزمین کسی کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونے دے گا۔’
ان کا کہنا تھا کہ ‘سی پیک منصوبہ چینی صدر کے ‘ون بیلٹ، ون روڈ’ وژن کا عکاس ہے، چینی شہریوں کا تحفظ اور سی پیک کی سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے جبکہ پاکستان، چین کے ساتھ عالمی فورمز پر بھی مل کر کام کرتا رہے گا۔’
انہوں نے کہا کہ چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے نومبر میں وزیر اعظم عمران خان کو دورہ چین کی دعوت دی ہے۔
پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون بڑھائیں گے، وانگ ژی
اس موقع پر چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ‘پاکستان اور چین کی دوستی لازوال ہے، جبکہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ ملاقات بہت مثبت رہی۔’
انہوں نے کہا کہ ‘چین کی خارجہ پالیسی میں پاکستان اہمیت کا حامل ہے، پاکستان کے ساتھ تزویراتی تعلقات مزید مضبوط بنانا اور باہمی تجارتی حجم میں مزید اضافہ کرنا چاہتے ہیں، جبکہ پاکستان کے ساتھ ہر شعبے میں بھرپور تعاون جاری رکھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘چینی تعاون کا مقصد پاکستان میں تعلیم اور دیگر شعبوں کو بہتر بنانا ہے، غربت کے خاتمے اور پاکستان کی ترقی کے لیے بھرپور تعاون کریں گے۔’
وانگ ژی نے پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون بڑھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ‘پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بہت قربانیاں دی ہیں، چین دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے جبکہ عالمی معاملات پر بھی پاکستان کی مکمل حمایت کرتے رہیں گے۔’
پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے وفود کی سطح پر مذاکرات میں چینی ہم منصب نے پاکستان کی معیشت کے استحکام کے لیے حمایت کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان کے تین روزہ دورے پر آئے ہوئے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے دفتر خارجہ کا دورہ کیا جہاں شاہ محمود قریشی نے ان کا استقبال کیا۔
ون آن ون ملاقات کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے، جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستانی اور وانگ ژی نے چینی وفد کی قیات کی۔
وفود کی سطح پر مذاکرات میں باہمی دلچسپی کے تمام امور پر گفتگو ہوئی اور پاک ۔ چین اقتصادی راہداری (سی پیک)، معاشی تعاون، ثقافتی و تعلیمی تبادلوں اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مذاکرات میں اسٹریٹیجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، جبکہ چین نے پاکستان کی معیشت کے استحکام کے لیے حمایت کا اظہار کیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمیں پاک ۔ چین دوستی پر فخر ہے جو ہر آزمائش پر پوری اتری ہے۔
انہوں نے چین کو سی پیک کے لیے پاکستان کے عزم کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ‘سی پیک موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، جبکہ منصوبہ پاکستان کی سماجی اور معاشی ترقی کے لیے اہم ہے۔
واضح رہے کہ چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی گزشتہ روز اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ پاکستان کے 3 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے تھے۔
وہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور نو منتخب صدر مملکت عارف علوی سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
پاکستان میں نئی حکومت کے قیام کے بعد چینی قیادت کا یہ پہلا اعلیٰ سطح کا دورہ ہے۔