10

شاہد خاقان عباسی 13 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو 13 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔

نیب ٹیم نے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی کو احتساب عدالت اسلام آباد میں پیش کیا اور جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ عدالت نے شاہد خاقان عباسی کو 13 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کرتے ہوئے یکم اگست کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔

سابق وزیراعظم  کو ایل این جی کیس میں نیب نے گذشتہ روز اسلام آباد سے لاہور جاتے ہوئے ٹھوکر نیاز بیگ سے حراست میں لیا تھا۔ نیب ذرائع کے مطابق سابق سیکریٹری پٹرولیم عابد سعید کے وعدہ معاف بننے پر گرفتاری عمل میں لائی گئی۔

پس منظر؛

(ن) لیگ کے سابق دور حکومت میں اُس وقت کے وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے قطر کے ساتھ ایل اینجی درآمد کرنے کا معاہدہ کیا تھا اور ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ایل این جی کی درآمد اور تقسیم کا 220 اربروپے کا ٹھیکہ دیا جس میں وہ خود حصہ دار ہیں جب کہ سابق وزیراعظم کا نام بھی ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل تھا۔

واضح رہے قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے شاہد خاقان عباسی کو آج ایل این جی ٹرمینل کا ٹھیکہ مخصوص کمپنی کو دینے پر تحقیقات کے لیے طلب کیا تھا لیکن وہ نجی مصروفیات کے باعث نیب آفس میں پیش نہیں ہوئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں