وفاقی حکومت نے شبر زیدی کی دو سال کے لیے وفاقی ریونیو بورڈ (ایف بی آر) کے اعزازی چیئرمین کے طور پر تعیناتی کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔
ماہر ٹیکس امور سید شبر زیدی کی تقرری کا وزیر اعظم عمران خان نے پیر کے روز اعلان کیا تھا، تاہم اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے نوٹی فکیشن آج جاری کیا۔
نوٹی فکیشن میں یہ نہیں بتایا گیا کہ شبر زیدی کو سیکریٹری ریونیو کا بھی ایڈیشنل چارج، وہ عہدہ جو روایتی طور پر چیئرمین ایف بی آر کے پاس ہوتا ہے، بھی دیا جائے گا یا نہیں۔
نوٹی فکیشن کے ساتھ جاری کی گئی سمری میں کہا گیا کہ ایف بی آر کی چیئرمین شپ کے لیے ڈاکٹر احمد مجتبیٰ میمن کا نام سلیکشن کمیٹی میں ابتدائی طور پر ذکر ہوا تھا، تاہم کمیٹی نے انہیں اس عہدے کے لیے کم تجربہ کار قرار دیا۔