اسلام آباد: پاکستان کے 22 ویں وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھانے کے بعد عمران خان نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔
عمران خان کی تقریب حلف برداری آج ایوان صدر میں ہوئی، جہاں صدرِ مملکت ممنون حسین نے ان سے حلف لیا۔
عمران خان کے 100 روزہ ایجنڈے کے اہم نکات پر ایک نظر
تقریب حلف برداری سے پہلے قومی ترانہ بجایا گیا، جس کے بعد کابینہ سکریٹری نے صدر مملکت سے تقریب شروع کرنےکی اجازت طلب کی۔
تقریب حلف برداری کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔
جس کے بعد صدر مملکت ممنون حسین نے عمران خان سے وزیراعظم کے عہدے کا حلف لیا۔
حلف برداری کے بعد وزیراعظم عمران خان نے حلف کی دستاویز پر دستخط کیا۔
وزیراعظم عمران خان کے لیے گارڈ آف آنر
تقریب کے بعد نو منتخب وزیراعظم عمران خان کو وزیراعظم ہاؤس میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
عمران خان وزیراعظم ہاؤس میں گارڈ آف آنر لیتے ہوئے—۔ اسکرین گریب
تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے وزیراعظم کو گارڈ آف آنر دیا۔
گارڈ آف آنر کے بعد عمران خان نے اسٹاف سے فرداً فرداً مصافحہ کیا۔
واضح رہے کہ عمران خان نے وزیراعظم ہاؤس میں نہ رہنے کا فیصلہ کیا ہے، وہ وزیراعظم ہاؤس کی کالونی میں واقع ملٹری سیکریٹری کے ایک چھوٹے مکان میں رہیں گے۔
عمران خان کے وزیراعظم کا چارج سنبھالنے کا نوٹیفیکشن جاری
عمران خان کے وزیراعظم کا چارج سنبھالنے کا نوٹیفیکشن—۔
حلف برداری تقریب کے بعد عمران خان کے وزیراعظم پاکستان کا چارج سنبھالنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
سیکرٹری کابینہ فضل عباس میکن نے نوٹیفکیشن جاری کیا۔
نوٹیفکیشن کے تحت عمران خان کو آئین کے آرٹیکل 91 فائیو کے تحت وزیراعظم کے اختیارات منتقل کردیئے گئے۔
حلف برداری تقریب کے بعد عمران خان وزیراعظم سیکریٹریٹ پہنچے۔
اس موقع پر انہیں وزیراعظم آفس کے مختلف شعبوں کے حکام نے بریفنگ دی اور حکومتی امور اور وزیراعظم آفس کے نظام کے بارے میں آگاہ کیا۔
اعظم خان وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری تعینات
خیبر پختونخوا کے سابق چیف سیکریٹری اعظم خان کو وزیراعظم عمران خان کا پرنسپل سیکرٹری تعینات کردیا گیا۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری کی تعیناتی کا نوٹیفیکشن جاری کردیا گیا۔
محمد اعظم پی اے ایس سروس کے گریڈ 21 کے افسر ہیں۔
اس سے قبل محمد اعظم سیفران میں وزارت ایڈیشنل سیکریٹری تعینات تھے۔
وزیراعظم کی حلف برداری تقریب میں شرکت کرنے والے مہمان
عمران خان نے بحیثیت وزیراعظم اپنی حلف برداری تقریب میں باوقار سیاہ شیروانی زیب تن کر رکھی تھی۔