23

لاہور ہائیکورٹ کا خواجہ آصف کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کا حکم

لاہور ہائیکورٹ نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 73 سیالکوٹ سے ن لیگ کے رہنما خواجہ آصف کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مامون الرشید نے تحریک انصاف کے عثمان ڈار کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمشن اور خواجہ آصف کو نوٹس جاری کردیے۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ریٹرنگ افسر نے فارم 45 پولنگ ایجنٹس کو فراہم نہیں کیا۔ عثمان ڈار نے درخواست میں لکھا کہ انہیں خواجہ آصف سے صرف 1406 ووٹوں سے شکست ہوئی۔
دوسری جانب انتخابی حلقوں کے نتائج روکے جانے پر تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ کم وبیش 20 حلقوں کے نتائج انتظامی یا عدالتی وجوہات کی بنا پر روکے گئے، انتخابی نتائج میں تعطل سے انتقال اقتدار مؤخر ہونے کا اندیشہ ہو سکتا ہے، چیف جسٹس پاکستان انتخابی نتائج کے تعطل کا نوٹس لیں۔
خیال رہے کہ عام انتخابات میں این اے 73 سیالکوٹ 2 سے ن لیگ کے رہنما خواجہ آصف ایک لاکھ 16 ہزار 957 ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرار پائے ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے عثمان ڈار کو ایک لاکھ 15 ہزار 464 ووٹ ملے تھے۔
خیال رہے کہ عام انتخابات کے بعد کامیاب امیدواروں کی جانب سے گواشوارے جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے جس کے بعد 7 اگست تک کامیاب امیدواروں کو نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق آزاد حیثیت میں کامیاب امیدواروں کے پاس کسی پارٹی میں شمولیت کے لیے 3 روز کا وقت ہوگا جب کہ 11 اگست تک مخصوص نشستوں پر امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں