وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ مریم نواز نے جو ٹیپس پیش کیں وہ ٹیمپرڈ ہیں جن کی فرانزک جانچ کروائی جائے گی۔
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی پریس کانفرنس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ‘مریم نواز نے ویڈیو ٹیپ کا سہارا لے کر ہمدردیاں سمیٹنے اور (ن) لیگ کی گرتی ساکھ کو بچانے کی بھونڈی کوشش کی۔’
ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے معزز جج کے حوالے سے ویڈیو جاری کر کے ایک جج پر نہیں پوری عدلیہ پر انگلیاں اٹھائی ہیں، یہ اداروں کو بدنام کرنے کی مذموم سازش ہے جبکہ ایسے اقدامات بغض پاکستان اور ملک سے عداوت کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ ‘پہلے بات تو یہ ہے کہ کسی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے اسے ٹیپ کرنا قانوناً جرم ہے، دوسری بات یہ کہ مریم نواز نے جو ٹیپس پیش کیں وہ ٹیمپرڈ ہیں جن کی فرانزک جانچ کروائی جائے گی اور دیکھا جائے گا کہ جج اور اداروں کے حوالے سے جو باتیں کی گئیں ان کی سچائی کیا ہے۔’
ان کا کہنا تھا کہ دوسروں پر الزام لگانے والوں کے اپنے چہرے داغدار ہیں، مریم نواز ٹیپس کو عدالتوں میں لے جا کر اپنی بے گناہی ثابت کریں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مبینہ ویڈیو میں جس شخصیت کو بطور ’سورس‘ ظاہر کیا گیا وہ ناصر بٹ ہے جو نواز شریف کا کاروباری رفیق اور قریبی دوست ہے، ناصر بٹ قاتل اور غنڈہ گینگ کا سربراہ ہے جو قتل کرنے کے بعد بیرون ملک فرار ہوجاتا ہے، ناصر بٹ 5 قتل کرنے کے بعد 20 سال تک لندن مفرور رہا جبکہ آڈیو ویڈیو ٹیپس کو ٹیمپر کرنے والوں کا سرغنہ جیل میں ہے۔