مریم نواز کی طبیعت بگڑ گئی، تمام مصروفیات ترک کر دیں، نواز شریف کی صاحبزادی شدید ذہنی تناو کا شکار، شریف میڈیکل سٹی کے ڈاکٹرز نے ابتدائی طبی معائنے کے بعد کو آرام کا مشورہ دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق بتایا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی طبیعت اچانک ناساز ہوگئی ہے۔ہفتے کے روز لاہور میں موجود مریم نواز کی طبیعت خراب ہوگئی جس کے بعد انہوں نے تمام مصروفیات ترک کر دی ہیں۔
مریم نواز کے ہفتے کو اپنے وکلاء سے صلاح مشورے کے لیے ملاقات کرنا تھی تاہم طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے انھوں نے ميٹنگ منسوخ کردی ہے۔لیگی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ مریم نواز کے جسم میں رات کو درد تھا اور ان کا بلڈ پریشر بڑھ گیا تھا۔شریف میڈیکل سٹی کے ڈاکٹرز نے انھیں آرام کا مشورہ ديا ہے۔ شریف میڈیکل سٹی کے ڈاکٹرز نے ابتدائی طبی معائنے کے بعد بتایا کہ ذہنی تناؤ کی وجہ سے مریم نواز کے بلڈ پریشر میں اضافہ ہوا۔