16

وزیراعظم نے چائنا حب پاور جنریشن اسٹیشن کا افتتاح کردیا

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے جس کے باعث لوگ پاکستان نہیں آرہے۔

وزیراعظم عمران خان نے بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کی تحصیل حب میں 1320 میگا واٹ کے پاور اسٹیشن کا افتتاح کیا۔ 

افتتاحی تقریب سے خطاب ان کا کہنا تھا کہ چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت یہ پہلامشترکہ منصوبہ ہے، اس طرح کے منصوبے خوش آئند ہیں، اِس پروجیکٹ کو ہرقسم کی سہولت فراہم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جب ڈالر مہنگا ہوتا ہے تو بجلی مہنگی ہوجاتی ہے، ہمیں مقامی ایندھن کے ذریعے زیادہ بجلی بنانے پر توجہ دینا ہوگی لہٰذا چائنا حب پاور جنریشن پلانٹ میں کم ازکم 20 فیصد کوئلہ تھر کا استعمال کیا جائے۔

وزیراعظم عمران خان منصوبے کا افتتاح کررہے ہیں، اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان اور چینی سفیر موجود ہیں— فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین کی متعدد کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی خواہاں ہیں، کاروبار میں آسانیاں پیدا کررہے ہیں اور مزید بہتری کی جانب جارہے ہیں۔

کراچی کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ کراچی کوپانی کی بہت ضرورت ہے، پانی صاف کرنے کا پلانٹ لگانے سے مسئلہ حل ہوگا۔

کرپشن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے،  تھوڑے سے لوگوں نے پیسہ بنانےکیلئے پاکستان کو لوٹا، کرپشن کی وجہ سے لوگ پاکستان نہیں آرہے، اپنے مستقبل کیلئے ملک ميں صاف و شفاف گورننس دینی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ہماری سب سے بڑی طاقت نوجوان ہیں جنہیں ہنر اور جدید ٹیکنالوجی سکھانی ہیں، چائنا حب پاور پروجیکٹ میں 6 ہزارپاکستانی نوجوان کام کر رہے ہیں جبکہ سی پیک کے تحت مقامی نوجوانوں کو جدید تربیت دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ لسبیلہ اسپیشل اکنامک زون کیلئے آئیڈل ہے، چین کی کئی صنعتیں ری لوکیٹ ہو رہی ہیں جنہیں ہم یہاں لا سکتے ہیں، سی پیک کے تحت ہم کسانوں کیلئے نئی ٹیکنالوجی لا رہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے پودا بھی لگایا — فوٹو: پی آئی ڈی

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے تھے جہاں انہوں نے گورنر ہاؤس میں اتحادی جماعتوں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان، گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس (جی ڈی اے) اور پارٹی ارکان سے ملاقاتیں کیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں