11

وفاقی وزیر فواد چوہدری ق لیگ اور ایم کیو ایم کی زبان بولنے لگے

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ق اور ایم کیوایم کے مطالبات میں وزن ہے، حکومت نہیں سسٹم کے خلاف ہیں، حکومتوں کو وکیلوں سے ڈرتے رہنا چاہیے، جو حکومتیں نہیں ڈرتیں ان کو گھر جانا پڑتا ہے۔ انہوں نے پنڈ دادن خان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے لوگوں سے سیاسی نہیں ذاتی تعلقات ہیں۔ الیکشن

لڑتے وقت لوگوں سے وعدے کیے تھے، لوگوں سے یہ وعدہ بھی کیا تھا کہ وسائل میں سے ہمیں ہمارا حصہ ملے گا۔ حکومت نہیں سسٹم کے خلاف ہیں۔ مسلم لیگ ق اور ایم کیوایم کے مطالبات میں وزن ہے۔ وکلائ برادری میں جمہوری عمل سب سے زیادہ مئوثر ہے۔ ہم نے ہمیشہ لوگوں سے ذاتی تعلقات بنائے۔ حکومت کو چاہیے کہ وکلائ سے ڈرتی رہے، کیونکہ جو حکومتیں وکلائ سے نہیں ڈرتیں پھر ان کو گھر جانا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ینگ وکلائ حکومت جوان پاکستان پروگرام سے فنڈ حاصل کرسکتے ہیں۔ وکلائ چیمبرز کیلئے خود فنڈز کا بندوبست کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن میں لوگوں کے مسائل حل کرنے اور ان کو وسائل میں حصہ دلوانے کے وعدے کیے تھے۔ پنڈدادن خان کے لوگوں کو صاف پانی کی سہولتیں میسر نہیں ، ان کو رواں سال صاف پانی اور سوئی گیس کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔


دوسری جانب وفاقی وزیر فواد چودھری حکومتی نظام بالخصوص پنجاب حکومت کی کارکردگی پر تنقید کررہے ہیں۔ جس پر وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان بھی ان پر تنقید کے نشتر چلا رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ فواد چودھری ہر مہینے ہیرو گیری کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور کوئی نہ کوئی شوشہ چھوڑتے ہیں،انہوں نے نظم و ضبط کی خلاف ورزی کی حد کردی ہے، جس کشتی کے سوار ہوں اس کا بھلا سوچا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری کا یہ دائرہ اختیاراور استحقاق نہیں ہے کہ وزیراعلی پنجاب کے حوالے سے کوئی رائے قائم کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں