219

پاکستان بہترین متوسط آمدنی والے ممالک میں شامل ہو جائے گا،عالمی بینک

کراچی (ویب ڈیسک) پاکستان میں تعینات عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر الانگھ پاچا میتھو نے کہا ہے کہ2047تک پاکستان بہترین متوسط آمدنی والے ممالک میں شامل ہو جائے گا، اس کی معیشت کا حجم 2کھرب ڈالر سے تجاوز کر جائے گا،معاشی استحکام کے نتیجے میں پاکستان کی فی کس آمدنی 5 گنا تک بڑھنے کا امکان ہے،

سرمایہ کاری بالخصوص نجی شعبہ میں کی جانے والی سرمایہ کاری کی شرح میں دوگنا اضافہ اور پائیدار ڈھانچہ جاتی اصلاحات سے پاکستان 2025-30 کے دوران 7 فیصد شرح نمو حاصل کر سکتا ہے۔دوسری جانب ایک اور خبر کے مطابق وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ ایک بہت بڑے مافیاکا مقابلہ کررہے ہیں، حکومت گرانے کی باتیں کرنے والے احتساب سے بچنے کیلئے شور مچا رہے ہیں۔ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کچھ لوگوں کی حکومت گرانے، مڈٹرم الیکشن اور اِن ہاؤس تبدیلی کی خواہش دل میں ہی رہے گی۔ یہ ان لوگوں کی خواہش ہے جو اقتدار سے باہر اور عوام نے انہیں سابقہ انتخابات میں بری طرح مسترد کیا ہے۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف2018ء کے انتخابات میں ملک کی مقبول ترین سیاسی جماعت بن کر ابھری ہے، عوامی مینڈیٹ کے مطابق آئینی مدت پوری کرینگے۔انہوں نے کہاقومی دولت لوٹنے والوں کو احتساب کا سامنا کرنا ہوگا، ملکی معیشت بتدریج بہتر ہو رہی ہے، قوم کو جلد اچھی خبریں دیں گے۔وفاقی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کو فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے ذریعے بلیک لسٹ میں دھکیلنے کیلئے تمام سازشیں ناکام ہو گئیں۔افغانستان اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے حوالے سے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ امریکا اور افغان طالبان کے درمیان امن معاہدہ پاکستان کی ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے، کسی کو توقع نہیں تھی کہ افغان طالبان اور امریکا ایک میز پر بیٹھیں گے، افغانستان کی تعمیر نو میں پاکستان کو کردار ادا کرنے کا موقع میسر آئے گا۔اس سے قبل وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے حلقہ 156 میں موٹر سائیکل پر سفر کیا اور لوگوں کے مسائل سنے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں