کراچی: کچھ عرصے تک مستحکم رہنے کے بعد ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں ایک مرتبہ پھر کمی ہونا شروع ہوگئی جبکہ اسٹاک مارکیٹ بھی شدید مندی دیکھنے میں آئی۔
عید الفطر کی چھٹیوں کے بعد کاروباری ہفتے کے آغاز پر ہی فوریکس مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا۔
تاہم کاروباری روز کے اختتام پر انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں ایک روپے 50 پیسے کا اضافہ دیکھنے میں آیا جس کے بعد ڈالر 150روپے 40 پیسے کا ہوگیا۔
اس کے علاوہ انٹربینک مارکیٹ میں قدر میں اضافے کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت ایک روپے 70 پیسے اضافے کے ساتھ 150 روپے 50 پیسے ہوگئی۔
دوسری جانب اسٹاک مارکیٹ بھی شدید مندی کی لپیٹ میں ہے اور کراچی اسٹاک ایکسچینج (کے ایس ای) – 100 انڈیکس مسلسل تنزلی کا شکار ہے۔
کاروباری روز کا آغاز 35 ہزار 3 سو 65 پوائنٹس کے ساتھ ہوا جو اپنی ابتدا سے ہی تنزلی کا شکار رہا۔
کے ایس ای 100 انڈیکس میں 2.71 فیصد یعنی 9 سو 37 پوائنٹس کی کمی دیکھنے میں آئی جو دن کی کم ترین سطح 34 ہزار 5 سو 67 پوائنٹ پر پہنچ کر بند ہوا۔
مارکیٹ تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ اقتصادی سروے رپورٹ اور مالی سال 20-2019 کا بجٹ اتنی بڑی تنزلی کی بنیادی وجہ ہے۔