کینیڈا: قدیم زمانوں میں طویل کتابیں یا کاغذی شاہی حکم نامے کپڑے کے تھان کی طرح لپیٹ کررکھے جاتے تھے جنہیں ’’طومار‘‘ (اسکرول) کہا جاتا تھا۔ اب ماہرین نے اسی طرز پر ایل ای ڈی ٹچ اسکرین کو اس قدر لچک دار بنالیا ہے کہ وہ کاغذ کی مانند لپیٹی اور موڑی جاسکتی ہے۔
اونٹاریو، کینیڈا میں کوینز یونیورسٹی کے ڈاکٹر روئل ورٹیگال اور ان کے ساتھیوں نے جامعہ کی ہیومن میڈیا لیب میں اس کا کامیاب عملی نمونہ (پروٹوٹائپ) تیار کرلیا ہے۔ ڈاکٹر روئل اس سے پہلے بھی لچک دار اسمارٹ فون بناکر عالمی شہرت حاصل کرچکے ہیں۔
2 کے ریزولیوشن کے حامل، اس او ایل ای ڈی ڈسپلے کی وتری لمبائی ساڑھے 7 انچ ہے جسے ایک تھری ڈی پرنٹر سے چھاپے گئے سلنڈر کے گرد لپیٹا گیا ہے اور اسی کے اندر ٹیبلٹ کا پورا برقی نظام بھی رکھا گیا ہے۔ سلنڈر کے دائیں اور بائیں چھوٹے پہیوں جیسی گراریاں لگائی گئی ہیں جن سے ٹیبلٹ اسکرین کھلتا اور بند ہوتا ہے۔ اس طرح دھیرے دھیرے پوری اسکرین کھل کرروایتی ٹیبلٹ جیسی ہوجاتی ہے۔
ماہرین نے اسے میجک اسکرول کا نام دیا ہے۔ اسے موبائل فون اور وائس ریکارڈر کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ کسی میسج کی آمد یا الرٹ کی صورت میں سلنڈر گھوم کر اس کی اطلاع دیتا ہے۔
سلنڈر کے ایک کنارے پر ڈیجیٹل کیمرا ہے اور ماہرین کا خیال ہے کہ اس کی بیلن نما ساخت کی وجہ سے اسے تھامنا اور جیب میں رکھنا قدرے آسان ہوگا۔ اگلے مرحلے میں اس کا رولر مزید مختصر بنادیا جائے گا اور یوں اس کی موٹائی کسی قلم جتنی رہ جائے گی۔
اس ٹیم کا خیال ہے کہ بہت جلد ہموار (فلیٹ) اسکرین کا تصور ختم ہوجائے گا اور چائے کے کپ سے لے کر دیوار اور کپڑوں تک کو اسکرین بنانا ممکن ہوگا۔
واضح رہے کہ ماہرین پچھلے کئی سال سے ایسی ڈیجیٹل اسکرین یا ’’برقی کاغذ‘‘ (ای پیپر) بنانے کی کوششوں میں مصروف ہیں جو حقیقی کاغذ کی مانند لچک دار اور ہلکی پھلکی ہو؛ تاکہ آنے والے برسوں میں کاغذی ’’پرنٹ میڈیا‘‘ کا تصور ہی ختم ہوجائے اور لوگ کاغذ پر چھپے اخبارات و رسائل ہی کی طرح برقی کاغذ پر اپنا من پسند مطبوعہ مواد پڑھ سکیں اور ایک ہی کاغذ پر، بٹن دباتے ہوئے، اگلا یا پچھلا صفحہ اپنی آنکھوں کے سامنے لاسکیں۔
میجک اسکرول کو بھی اسی سمت میں ا یک اور پیش رفت سمجھنا چاہیے۔ اس اختراع کی تفصیلات بارسلونا، اسپین میں جاری ’’انٹرنیشنل کانفرنس آن ہیومن کمپیوٹر انٹریکشن وِد موبائل ڈیوائسز اینڈ سروسز‘‘ میں پیش کی گئیں۔