24

کرتارپور کوریڈور کی تعمیر کا 80 فیصد سے زیادہ کام مکمل

لنگرخانہ، درشن خانہ، واش رومز اور ایڈمن بلاک کی عمارت 80 فیصد مکمل ہوچکی ہے فوٹو: ایکسپریس

لنگرخانہ، درشن خانہ، واش رومز اور ایڈمن بلاک کی عمارت 80 فیصد مکمل ہوچکی ہے فوٹو: ایکسپریس

نارووال میں زیرو لائن سے گوردوارہ دربارصاحب تک مرکزی سڑک، پل کی تعمیر اور گوردوارہ صاحب کے اطراف میں عمارتوں کی تعمیرمکمل ہوگئی ہے اور یہاں فنشنگ کا کام جاری ہے، توقع کی جارہی ہے کہ پاکستان مقررہ وقت سے پہلے ہی مکمل کرلے گا۔

منصوبے پر کام کرنے والے سینئر انجینئر کاشف علی بتایا کہ بنیادی اسٹرکچر 100 فیصد مکمل ہوچکا ہے، اب ہمیں یہاں ٹائل لگانی ہے جس کا آرڈردیا جاچکا ہے۔ دو سے تین ہفتوں میں ٹائل لگنا شروع ہوجائیں گی۔ ان کے لیے ایک بڑا چیلنج خاص قسم کے سفید سنگ مرمر کی دستیابی ہے، سفید ماربل بہت زیادہ تعداد میں یہاں استعمال کرنا پڑرہا ہے۔ اس وقت لنگرخانہ، درشن خانہ، واش رومز اور ایڈمن بلاک کی عمارت 70 سے 80 فیصد مکمل ہوچکی ہے، اب یہاں بجلی، گیس اورپانی کی وائرنگ کی جارہی ہے۔ مخصوص اسٹائل میں عمارت کی آرچ بنائی گئی ہیں۔

کاشف علی کا کہنا تھا گورو صاحب کا جو کھیتی کا ایریا تھا اب وہاں ڈویلپمنٹ ہورہی ہے۔ یہاں کھنڈا صاحب اور 150 فٹ سے اونچا نشان صاحب لگایا جائے گا جو بھارت سے بھی واضع طور پر دیکھا جاسکے گا۔

اس کے علاوہ گورو صاحب کا کنواں صاحب اور آم کا درخت موجود ہے اس کو محفوظ رکھنے کے لیے نیسپاک کے انجینیئر کام کررہے ہیں۔ منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے 70 سے زائد کنٹریکٹرکام کررہے ہیں۔ بارڈرٹرمینل، روڈ اور گوردوارہ صاحب میں جہاں جہاں پارکنگ ایریا ہے وہ حصے بھی کافی حد تک مکمل کرلیے گئے ہیں،اس کے ساتھ ساتھ لینڈسلیپنگ اور شجرکاری بھی کی جارہی ہے.

گوردوارہ دربارصاحب کرتارپور کے ہیڈ گرنتھی سردار گوبند سنگھ نے بتایا بھارتی سکھ یاتری اگر آج بھی ڈیرہ بابا نانک سے یہاں آنا چاہیں تو ہم نے سڑک مکمل کردی ہے وہ آسکتے ہیں۔ گوردوارہ صاحب کی توسیع، لنگرہال،دو گیٹ مکمل ہوچکے ہیں۔

سردارگوبند سنگھ نے کہا بعض عناصرجان بوجھ کر منفی پراپیگنڈا کرتے ہیں کہ یہاں گوردوارہ صاحب کو نقصان پہنچایا گیا ہے اور اس میں تبدیلی کی گئی ہے، میں دنیا بھر کے سکھوں پر یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ گوردوارہ صاحب کی ایک اینٹ کو بھی نہیں چھیڑا گیا ہے، یہ عمارت تاج محل کی طرح کھڑی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں