کروڑوں پاکستانیوں کی ذاتی معلومات کی تفصیلات غیرقانونی طور پر ڈارک ویب کو فروخت کرنے کا انکشاف ہوا ہے . پاکستان میں ایک سائبر سیکورٹی کمپنی نے دعویٰ کیا کہ 11کروڑ 50 لاکھ صارفین کا موبائل نمبرز اور ذاتی معلومات کی تفصیلات کا ڈیٹا غیرقانونی طور پر چرا کرایک ڈارک ویب کو 20 لاکھ ڈالر سے زائد میں فروخت کردیا گیا .
اس حوالے سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) حکام نے کہا ہے کہ اس انکشاف پر تحقیقات کررہے ہیں تاہم ابھی تک ٹھوس معلومات نہیں ملیں جب کہ حقائق کا سراغ لگانے کیلئے موبائل کمپنیوں سے مل کر تحقیقات کی جارہی ہیں.قبل ازیں فیس بک صارفین کا ڈیٹا ڈارک ویب پرڈالے جانے کا انکشاف ہوا تھا. یہ خبر بھی موصول ہوئی تھی کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک کے 26 کروڑ سے زائد افراد کا ڈیٹا ہیک کرلیا گیاہے. ہیکروں نے فیس بک کے 26 کروڑ افراد کا ڈیٹا، تصاویر، آئی ڈی، ای میل اور فون نمبر ہیک کرلیے ہیں.

ذرائع نے تصدیق کی ہے ہیکروں کی پوری ٹیم نے باقاعدہ پلاننگ کے ساتھ صارفین کے ڈیٹا کو ہیک کیا ہے اور ان اکاونٹس کی ساری معلومات کو ایک ہیکر فورم پر ڈال دیا ہے اور ان کا تعلق عادی جرائم پیشہ گروہوں سے ہے. ان تمام معلومات کو کوئی بھی ڈاون لوڈکرسکتا ہے. ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ ہیکرز ان تمام معلومات کو ڈارک ویب پربھیجنے کی تیاری کر رہے ہیں. اس حوالے سے فیس بک کے ترجمان نے بھی اپنا ردعمل دیا تھا، ترجمان نے کہا کہ’ہم اس مسئلے کوفوری طور پر حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن ہوسکتا ہے کہ یہ معلومات فیس بک کی احتیاطی تدابیر سے قبل چوری کی گئی ہوں کیونکہ کئی برس قبل فیس بک نے صارفین کے ڈیٹا کی حفاظت کے لیے اہم اقدامات
اٹھائے تھے‘. فیس بک ترجمان کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ صارفین کا یہ ڈیٹا بیس اب بھی موجود ہے جو کھلا ہے اور اس تک رسائی حاصل کرسکتا ہے جس میں کروڑوں افراد کی فیس بک تفصیلات موجود ہیں تاہم اس جمعرات تک یہ تفصیلات ہٹا دی گئی تھیں