25

گرفتاریاں پاکستان کے روشن مستقبل کی علامت ہیں، فواد چوہدری

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدی نے کہا ہے کہ احتساب سب کے لیے برابر ہے اور بلا تفریق احتساب ہورہا ہے، نواز شریف، آصف زرداری، حمزہ شہباز کی گرفتاری پاکستان کے روشن مستقبل کی علامت ہے۔

اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز پر الزام ہے کہ انہوں نے 2 کروڑ 60 لاکھ روپے پہلے پاکستان سے باہر بھیجے اور پھر یہ رقم واپس منگوائی اور ایک قانون لایا گیا کہ باہر سے پاکستان آنے والے پیسوں کے بارے میں نہیں پوچھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آج آصف زرداری، نواز شریف اور حمزہ شہباز گرفتار ہیں اور ان کے اپنے حمایتی یہ نہیں کہہ رہے کہ انہوں نے کرپشن نہیں کی بلکہ یہ کہہ رہے کہ انہیں پی ٹی آئی حکومت کے دباؤ پر گرفتار کیا گیا جبکہ یہ وہ مقدمات ہیں جو ہماری حکومت سے پہلے شروع ہوئے تھے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت اور عمران خان نے آکر اداروں کو کرپشن کے خلاف ایک سازگار ماحول فراہم کیا اور ملک میں ایک ماحول بنایا جس سے احتساب کی طرف معاملہ جارہا ہے اور یہ اسی ماحول کی وجہ سے ہے کہ سارے ڈاکو جیل میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے لوگ کہہ دیں کہ ان پر کیسز جھوٹ ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ تمام مقدمے صحیح ہیں۔

آصف زرداری پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سندھ کا پیسہ پہلے مختلف اکاؤنٹس میں گیا، ایف آئی اے نے 5 ہزار اکاؤنٹس کو دیکھا جس سے معلوم ہوا کہ سارا پیسہ 31 اکاؤنٹس میں جارہا ہے اور یہ سارے اکاؤنٹس زرداری اور بلاول ہاؤس سے منسلک تھے، یہ پیسہ دبئی، لندن، افریقہ اور فرانس جارہا تھا جبکہ یہ سندھ کے غریب لوگوں کا پیسہ تھا۔

انہوں نے جو پیسہ پاکستان کے لوگوں کی غربت دور کرنے آنا تھا، جہاں عوام کی خدمت ہونی تھی وہ نہیں ہوسکی، ان دونوں خاندان کے حامیوں سے سوال ہے کہ وہ کس اخلاقی جواز کے تحت یہ سوال کر رہے ہیں کہ انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ پاکستان میں پہلا احتساب کا عمل ہے، جس میں کوئی سیاسی انتقام شامل نہیں ہے کیونکہ یہ موجودہ حکومت کا شروع کردہ نہیں ہے، ماضی میں مسلم لیگ (ن) نے پیپلزپارٹی اور پیپلزپارٹی نے مسلم لیگ (ن) پر کیسز بنائے اور یہ مقدمات بلیک میل کرنے کے لیے بنائے گئے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے ایک دوسرے کے لیڈر کو گرفتار کیا تو کوئی احتساب نہیں ہوا بلکہ ڈیل ہوئی اور یہ لوگ باہر آگئے لیکن اب پہلی مرتبہ مضبوط احتساب کی بنیاد رکھی گئی ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ بنیاد رکھنا اس لیے ضروری تھی کیونکہ پاکستان تحریک انصاف کا وعدہ تھا کہ ہم ایک طاقتور احتساب کی بنیاد رکھیں گے اور اگر ہم یہ بنیاد نہیں رکھتے تو ہم اپنے ووٹرز سے بے وفائی کر رہے ہیں اور ہم نے آج یہ وعدہ پورا کیا ہے اور میرٹ پر لوگ گرفتار ہوئے ہیں۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن بجٹ پر تنقید کر رہی ہے لیکن یہ بتائیں کہ جس گھر کو لوٹ کرچلے گئے وہی لٹیرے شور مچا رہے ہیں، پاکستان کی معیشت کی حالت اس لیے ہے کہ زرداری اور شریف خاندان نے پاکستان کو اپنا گھر نہیں سمجھا اور جو سلوک انہوں نے کیا وہ دشمن بھی نہیں کرتے، پاکستان کے لوگوں نے ان خاندانوں کو عزت دی، ووٹ دیے لیکن انہوں نے اس گھر میں لوٹ مار کی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم عدالتوں کے فیصلوں کا احترام کرتے ہیں، آزاد عدلیہ نے یہ فیصلے دیے ہیں، آصف زرداری، نواز شریف اور حمزہ شہباز کی گرفتاری پاکستان کے روشن مستقبل کی علامت ہے، اتنے بڑے ڈاکو و سرغنہ پکڑے جائیں گے تو باقی کسی کی جرأت نہیں ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں