پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان آج ہیلی کاپٹر کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) کے پشاور آفس میں پیش ہوں گے۔
پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور وزارت عظمیٰ کے لیے پارٹی کے نامزد امیدوار عمران خان آج پشاور میں نیب کے سامنے پیش ہوں گے۔
واضح رہے کہ نیب خیبر پختونخوا نے 3 اگست کو عمران خان کو صوبائی حکومت کا سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کے الزام میں آج طلب کیا تھا۔
نیب حکام کے مطابق عمران خان نے 74 گھنٹے دو سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کیے اور اس حوالے سے پوچھ گچھ کے لیے انہیں ذاتی حیثیت میں 7 اگست کو طلب کیا گیا ہے۔
اس کیس کے سلسلے میں سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک اور ایوی ایشن حکام سے بیانات پہلے ہی قلمبند کیے جاچکے ہیں۔