12

اداکار فیصل قریشی کی فلم ’’سوری‘‘ کا پہلا ٹیزر جاری

کراچی: اداکار فیصل قریشی کی فریال محمود کے ساتھ فلم ’سوری‘ کا پہلا ٹیزر جاری کردیا گیا ہے۔

معروف مارننگ شو ہوسٹ فیصل قریشی سہیل جاوید کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’’سوری‘‘ سے بڑے پردے پر واپسی کررہے ہیں جس میں ان کے ساتھ اداکارہ فریال محمود مرکزی کردار میں دکھائی دیں گی۔

اس سے قبل اداکار فیصل قریشی کے ساتھ مرکزی کردار میں سونیا حسین کو کاسٹ کیا گیا تھا تاہم شیڈول نہ ہونے کے سبب انہیں فلم چھوڑنا پڑی اور ان کی جگہ فریال محمود کو فلم کا حصہ بنایا گیا جب کہ فلم کی دیگر کاسٹ میں آمنہ شیخ اور زاہد احمد شامل ہیں۔

فلم ’’سوری‘‘ کی کہانی محبت میں اتار چڑھاؤ کے گرد گھومتی ہے کہ کس طرح ایک انسان کو پہلے محبت ملتی ہے لیکن چند وجوہات کی وجہ سے وہ اسے کھو دیتا ہے۔ فلم کے پہلے ٹیزر میں زیادہ کچھ نہیں دکھایا گیا اس کا مطلب مداحوں کو فلم کی کہانی ٹریلر کا انتظار کرنا پڑے گا تاہم فلم کی ریلیز کے حوالے سے اب تک کوئی حتمی تاریخ سامنے نہیں آئی۔

واضح رہے فیصل قریشی اور فریال محمود ڈرامہ سیریل ’’بابا جانی‘‘ سمیت متعدد پروجیکٹس میں ساتھ کام کرچکے ہیں جب کہ فیصل قریشی نے فلم ’’منٹو‘‘ میں بھی مختصر کردار ادا کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں