6

سینیٹ: مریم نواز کے ہوٹل کے کمرے کا دروازہ توڑنے، آئی جی سندھ کے ‘اغوا’ کے خلاف قرارداد

سینیٹ میں اپوزیشن نے کراچی میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے ہوٹل کمرے کا دروازہ توڑنے، کیپٹن(ر) صفدر کی گرفتاری اور انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ کے اغوا کی تحقیقات کے لیے ایوان کی کمیٹی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے قرارداد پیش کردی۔

سینیٹ میں قائد حزب اختلاف راجا ظفرالحق نے قرار داد پیش کی اور کہا کہ کراچی میں مریم نواز کے ساتھ جو سلوک کیا گیا اور جس طرح آئی جی سندھ کو اغوا کیا گیا، اس پر سینیٹ کی کمیٹی قائم کی جائے جو معاملے کی تحقیقات کرے۔

سینیٹ میں قائد ایوان ڈاکٹر شہزاد وسیم نے کہا کہ واقعے کی صوبائی حکومت اور افواج پاکستان کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے انکوائری کا اعلان کیا ہے، اس لیے دونوں انکوائریز کی رپورٹس کا انتظار کرنا چاہیے۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ ہر ادارے کی بلاشہ اپنی ذمہ داری ہے لیکن قومی معاملات پر سینیٹ کا کردار اہم ہوتا ہے، یہ نہیں ہو سکتا کہ ہم سب ان رپورٹس کا انتظار کریں اور اس کے بعد کوئی کمیٹی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ اس معاملے کو ایوان میں زیر بحث لایا جائے اور پھر کمیٹی تشکیل دی جائے۔

قائد ایوان نے کہا کہ ایوان بہت محترم ہے اس لیے ایوان کی ذمہ داری بھی زیادہ بنتی ہے اور جب تک کوئی بات سامنے نہیں آتی محض تصورات پر کمیٹی بنانے سے احتراز کرنا چاہیے تاکہ ایوان کا تقدس برقرار رہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں