8

”میں کافی اوور کانفیڈنٹ ہو گیا تھا“ فخر زمان نے بالآخر اپنی غلطی تسلیم کر لی مگر اس کیساتھ ہی شاندار اعلان بھی کر دیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز فخر زمان نے تسلیم کیا ہے کہ کیرئیر میں کافی ”اوور کانفیڈنٹ“ ہو گیا تھا جس کی وجہ سے کارکردگی متاثر ہوئی تاہم اب ایسا نہیں ہو گا کیونکہ میں بہت بدل چکا ہوں اور جب دوبارہ میدان میں اتروں گا تو یہ تبدیلی نظر بھی آئے گی . تفصیلات کے مطابق صحافیوں سے آن لائن گفتگو میں فخر زمان نے اپنے کیرئیر پر کھل کر بات کی اور اعتراف کیا کہ حد سے زیادہ خود اعتمادی میرے لئے نقصان دہ ثابت ہوئی ہے لیکن اب ایسا نہیں ہو گا .

سابق کرکٹ کوچ مکی آرتھر نے مجھے اعتماد دینے کیلئے کہا کہ فری مائنڈ ہوکر کھیلیں جس کی وجہ سے میں اوور کانفیڈینٹ ہو گیا اور گیند کو میرٹ کے حساب سے کھیلنا چھوڑ دیا تھا اور ہر گیند کو ہٹ کرنے کی کوشش کرتا تھا. جارح مزاج اوپنر نے کہا کہ گزشتہ دنوں خود پر بہت محنت کی ہے، سکل ورک سے زیادہ ذہنی پختگی پر کام کیا ہے اور جب میدان میں دوبارہ اتروں گا تو کافی تبدیل فخرزمان نظر آؤں گا. اس لیول پر آ کر پلیئر تکنیک تبدیل نہیں کرتا اور انہیں اپنی تکنیک تبدیل کرنا بھی نہیں ہے، صرف معمولی فائن ٹیوننگ کی ہے، اب محسوس ہوتا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی والا فخر زمان واپس لانے کی ضرورت ہے. فخرزمان کا کہنا تھا کہ مجھے اندازہ ہے

انگلینڈ سے سیریز میرے لئے کم بیک سیریز ہے اور اس سیریز کے میچز میرے کیرئیر کیلئے کافی اہم ہیں، یہ میچز میرے کیرئیر کا فیصلہ بھی کرسکتے ہیں اس لئے میری پوری کوشش ہوگی کہ اس سیریز میں اچھا پرفارم کروں اور ٹیم میں ایک بار پھر اپنی جگہ پکی کرنے کی کوشش کروں. انہوں نے کہا کہ یونس خان کی ٹیم میں موجودگی سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کروں گا اور یہ سیکھنا چاہوں گا کہ خراب فارم کے بعد دوبارہ اعتماد کیسے بحال کرنا ہے. ہوٹل سے سٹیڈیم اور سٹیڈیم سے ہوٹل محدود رہنے میں جہاں مشکلات ہیں وہاں پاکستانی ٹیم کو یہ فائدہ بھی ہے کہ پلیئرز کو ایک دوسرے کے ساتھ وقت گزارنے کا موقع مل جائے گا. فخر زمان کا کہنا تھا کہ پلیئرز کیلئے یہ بات مثبت ہے کہ کرکٹ بحال ہورہی ہے کیونکہ کافی عرصہ سے کچھ نہیں ہوپارہا تھا، انگلینڈ میں پاکستان کا ریکارڈ اچھا ہے ، کوشش کریں گے کہ اس بار بھی اچھا پرفارم کرتے ہوئے ریکارڈ کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں