5

سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر پاکستان پہنچ گئے

سلام آباد: سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر خصوصی دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔

سعودی وزیر خارجہ اپنے دورے کے دوران پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری حالیہ کشیدگی اور خطے کی صورت حال پر پاکستان کے اعلیٰ سول اور عسکری قیادت سے تبادلہ خیال کریں گے۔اس سے قبل دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق سعودی وزیر خارجہ اپنے دورے کے دوران پاکستانی قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔ملاقات کے دوران خطے میں امن و امان کی تازہ ترین صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔واضح رہے کہ سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ کو پاک ۔ بھارت کشیدگی کم کرنے میں کردار ادا کرنے کے لیے گزشتہ ہفتے یکم مارچ کو پاکستان اور بھارت کا دورہ کرنا تھا۔تاہم بھارت کی جانب سے امن کی کوششوں کا مثبت جواب نہ آنے کی وجہ سے ان کا دورہ پاکستان چند روز کے لیے مؤخر ہوگیا تھا۔

سفارتی ذرائع کا کہنا تھا کہ عادل الجبیر کو دورہ پاکستان میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا خصوصی پیغام لے کر آنا تھا۔پاکستان آمد سے قبل عادل الجبیر کے دورہ بھارت کا امکان بھی ظاہر کیا جارہا تھا۔خیال رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان جنوبی ایشیا کے دورے کے پہلے مرحلے میں 17 فروری کو پاکستان آئے تھے اور 2 روزہ دورے میں پاکستان کے ساتھ کئی مفاہمتی یاد داشتوں پر دستخط کیے تھے۔پاکستان کے دورے کے بعد محمد بن سلمان دو روزہ دورے پر 19 فروری کو بھارت پہنچے تھے جہاں ان کے ہمراہ وزیر خارجہ عادل الجبیر اور دیگر بھی شامل تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں