5

کراچی: آن لائن ٹیکسی سروس کا ایک اور ڈرائیور قتل

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے معروف ٹیکسی سروس کریم کے ڈرائیور کو قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت سلیم کے نام سے ہوئی، جن کا تعلق سرگودھا سے ہے اور ان کی لاش جس کار سے برآمد ہوئی اس کا رجسٹریشن نمبر BGV-846 ہے۔

پولیس نے بتایا کہ لاش، جس کار سے برآمد کی گئی، وہ ڈیفنس میں دختران عوام اسکول کے قریب موجود تھی جبکہ واقعے کے حوالے سے ڈی ایچ اے حکام نے پولیس کو اطلاع دی تھی۔پولیس کے مطابق مقتول کو 2 گولیاں لگی ہیں اور ابتدائی تفتیش کے بعد معلوم ہوا ہے کہ مقتول کے پاس موجود پرس میں 5 ہزار روپے تھے جبکہ اس کے 2 موبائل فون بھی اس کے پاس موجود تھے، جس سے اندازہ لگایا گیا کہ بظاہر یہ ڈکیتی کی واردات نہیں۔

فروری 2018 میں اسلام آباد کے جی 13 سیکٹر میں ایک اور واقعے میں کریم کے ہی ڈرائیور کو قتل کیا گیا تھا۔علاوہ ازیں مارچ 2018 میں راولپنڈی میں کریم کے 22 سالہ ڈرائیور کو قتل کیا گیا تھا جس کے حوالے سے پولیس نے خدشہ ظاہر کیا تھا انہیں ڈکتیی کے دوران مزاحمت پر قتل کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں