7

کراچی: یونائیٹڈ نے قلندرز کو جیت کیلئے 239 رنز کا ریکارڈ ہدف دے دیا

کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 27ویں میچ میں کیمرون ڈیلپورٹ کی شاندار سنچری کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو جیت کے لیے 239 رنز کا ہدف دے دیا۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والا یہ میچ رواں برس پاکستان میں پی ایس ایل کا پہلا میچ ہے جس میں لاہور قلندرز کے کپتان فخر زمان نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
میچ کی پہلی ہی گیند پر شاہین شاہ آفریدی نے خطرناک لیوک رونکی کو آؤٹ کرکے اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے پریشانی کھڑی کردی۔
تاہم بائیں ہاتھ کے بلے باز کیمرون ڈیلپورٹ، چڈوک والٹن اور آصف علی نے لاہور قلندرز کے باؤلرز کو بے بسی کی تصویر بناتے ہوئے چھوٹی باؤنڈری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے چھکوں اور چوکوں کی بارش کردی۔
یونائیٹڈ کے فلپ سالٹ بھی جلدی پویلین لوٹ گئے تاہم کیمرون ڈیلپورٹ نے پہلے چیڈوک والٹن کے ہمراہ مل کر 118 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی اس کے بعد آصف علی کے ہمراہ ناقابل شکست 88 رنز کی پارٹنر شپ بنا کر ٹیم کو پی ایس ایل کی تاریخ کے ریکارڈ ٹوٹل تک پہنچا دیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر 238 رنز بنائے۔
کیمرون ڈیلپورٹ پی ایس ایل کی تیز ترین سینچری کا ریکارڈ اپنے نام کرتے ہوئے لیگ میں کولن انگرام کے بعد سنچری بنانے والے دوسرے غیر ملکی کھلاڑی بن گئے۔
کراچی کنگز کے کولن انگرام نے رواں برس کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں پی ایس ایل کی سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلتے ہوئے سنچری اسکور کی تھی۔
لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، سندیپ لمی چنے اور ڈیوڈ ویزے ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔
واضح رہے کہ اس میچ میں اپنے 4 اوورز کے کوٹے میں شاہین شاہ آفریدی نے 62 رنز دیے جو پی ایس ایل کی تاریخ کی خراب ترین باؤلنگ ہے۔
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان محمد سمیع نے کہا کہ پی ایس ایل کا پاکستان آنا خوش آئند ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ میرا ہوم گراؤنڈ بھی ہے، تاہم ہم یہاں اچھی پرفارمنس پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔
لاہور قلندرز کے کپتان فخر زمان نے کہا ہے کہ انہوں نے یونائیٹڈ کے لیوک رونکی کے خلاف منصوبہ بندی تیار کی ہوئی ہے، انہیں جلد آؤٹ کرنے کی کوشش کریں گے۔
لاہور قلندرز کی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں اور ایونٹ سے باہر ہونے والے ریان ٹین ڈسکاٹی کی جگہ پر رکی ویسلز جبکہ عمیر مسعود کی جگہ پر آغا سلمان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
اسی طرح اسلام آباد یونائیٹڈ نے 4 تبدیلیاں کیں جہاں سمت پٹیل، رضوان حسین، عماد بٹ اور ظفر گوہر کی جگہ چڈوک والٹن، حسین طلعت، رومان رئیس اور محمد موسیٰ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
یہ میچ دونوں ٹیموں کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے جہاں شکست کی صورت میں ان کا پلے آف مرحلے میں پہنچنا مشکل ہوجائے گا۔
خیال رہے کہ دونوں ٹیمیں اس سے قبل ایونٹ کے افتتاحی میچ میں آمنے سامنے آئیں تھیں جہاں اسلام آباد یونائیٹڈ نے 5 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں