5

کرپشن کا الزام لگانے والے پاکستان کا سوچیں، حمزہ شہباز

لاہور: 

مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ کرپشن کا الزام لگانے سے قوم کا پیٹ نہیں بھرے گا لہذا پاکستان کا سوچیں۔ 

لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ بھارت کی جارحیت کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں فکر ہے کہ ہندوستان کے الیکشن قریب آرہے ہیں خدانخواستہ کوئی اور مس ایڈونچر نہ ہو،  ہندوستان نے دراندازی کی اس کا بس نہیں چلتا اس لئے کہ پاکستان ایٹمی قوت ہے جب کہ ہندوستان کی جارحیت پر پارلیمینٹ کے اندر اور باہر اتحاد کا مظاہرہ کیا گیا۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ کرپشن کا الزام لگانے سے قوم کے زخم نہیں بھریں گے لہذا پاکستان کا سوچیں، مشترکہ معاشی ایجنڈے پر کوئی سیاست نہیں ہونی چاہئے، تمام سیاسی جماعتوں کو پاکستان کی معاشی ترقی کا ایجنڈا پارلیمینٹ میں طے کرنا چاہئے، ہمیں مل کر پاکستان کی ترجیحات کو طے کرنا ہو گا، اللہ ہمیں توفیق دے

رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ آج مانگے تانگے کے ڈالروں پر انحصار کیا جا رہا ہے لیکن مانگے تانگے سے گھر نہیں چلتا توملک کیسے چلے گا، ہم نے انتخابی نتائج کو دل پر پتھر رکھ کر قبول کئے، عمران خان کو دعوت دی کہ آو مل بیٹھیں لیکن ہمیں چور ڈاکو کہا گیا ہے۔

حمزہ شہاز شریف کا کہنا تھا کہ سی پیک گیم چینجر ہے ، اب کہا جا رہا ہے کہ ہم سی پیک کا دوبارہ جائزہ لیں گے، ایسی باتوں سے چین میں بدگمانی پیدا ہوئی، ہمیں سوچ سمجھ کر بیانات دینے چاہئے، پہچان ہونی چاہئے کہ مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کون کھڑا ہے جب کہ قوم فرقہ واریت کے کینسر کا سامنا کر رہی ہے، یہ ذمہ داری صرف علما کی نہیں ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے، ہمیں دین کے نام پر گروہوں میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں