6

‘مفاد پرست ٹولے نے لوٹے گئے اربوں روپے بیرون ملک منتقل کئے’

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مفاد پرست ٹولے نے لوٹے گئے اربوں روپے بیرون ملک منتقل کئے، ملک کو قرضے میں ڈبونے والے کس منہ سے ہمیں سبق سکھاتے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ شروعات ہیں اور ہم 8 ماہ کی جدوجہد کے بعد اس مقام پر پہنچے ہیں کہ ملک میں ہاؤسنگ اسکیم کا آغاز کردیا۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ ہاؤسنگ پروگرام میں نجی شعبہ زیادہ سے زیادہ کردار ادا کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی سرمایہ کار ہاؤسنگ پروگرام میں سرمایہ کاری کے لیے دلچسپی رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ منصوبے کا آغاز شروعات ہیں، میرا وژن وہی ہے جو بانیان پاکستان کا وژن تھا، انہوں نے دوہرایا کہ پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کا عزم لےکر آیا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ مخالفین مجھے کہتے ہیں کہ میں اُلجھن کا شکار ہوں لیکن میں انہیں بتایا چاہتا ہوں کہ میں جب سے سیاست میں آیا ہوں اُلجھن کا شکار نہیں تھا اور میرا پاکستان سے متعلق خواب بلکل سادہ ہے۔وزیراعظم نے اپنی زندگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ میں اس وقت جہاں موجود ہوں یہ میری زندگی کا سب سے بہترین موقع ہے جبکہ ساتھ ہی کہا کہ قوموں کی زندگی میں اونچ نیچ آتی رہتی ہے، گھبرانا نہیں چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ 10سال لوٹ مار ہوئی، ملک پر تاریخی قرضہ چڑھا ہوا ہے، قرضوں پر یومیہ ساڑھے 6 ارب روپے سود دیتے ہیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تبدیلی میں سب سے بڑی رکاوٹ مفاد پرست ٹولہ ہوتا ہے، فلاحی مملکت میں کمزور طبقے کی ذمہ داری ریاست کی ہوتی ہے جبکہ پاکستان میں تعلیم کے 3 الگ الگ نظام چل رہے ہیں۔

انہوں نے سوال کیا کہ ملک کو قرضے میں ڈبونے والے کس منہ سے ہمیں سبق سکھاتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ‘اسٹیٹس کو’ ہر شعبے میں تبدیلی کی راہ کی رکاوٹ بن گیا اور مفاد پرست ٹولہ نظام سے فائدہ اٹھا رہا ہے، ملک میں اکثریت محرومیوں کاشکار ہے، معاشرے میں تبدیلی ‘اسٹیٹس کو’ کو شکست دینے کے بعد آئے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ مفاد پرست ٹولے نے لوٹے گئے اربوں روپے بیرون ملک منتقل کئے۔انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت غریب طبقے کو 5 ارب روپے کے بلا سود چھوٹے قرضے دینے جارہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں