9

قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے چھٹے راوٴنڈ کا دوسرا روز مکمل

اسلام آباد(میٹروواچ) بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ میں سدرن پنجاب کے 502 رنز کے جواب میں بلوچستان نے 1 وکٹ کے نقصان پر 37 رنزبنالیے ہیں۔ 465 رنز کے خسارے کا شکار بلوچستان کے اوپنر اویس ضیاء آوٴٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے۔ اس سے قبل سدرن پنجاب نے 1 وکٹ کے نقصان پر 283 رنز سے کھیل کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو کپتان سمیع اسلم 168 رنز بنا کرآوٴٹ ہوگئے۔ان کی اننگز میں15 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین عدنان اکمل نے 86 گیندوں پر 80 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ 500 سے پار پہنچادیا۔سدرن پنجاب کی ٹیم 130ویں اوور میں 502 رنز بناکر آوٴٹ ہوگئی۔ بلوچستان کی جانب سے محمد اصغر نے5 اور عماد بٹ نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں بلوچستان کے بلے باز ٹیم کو متاثر کن آغاز فراہم نہ کرسکے اور اویس ضیاء محض 9 اسکور بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے۔

00:00/00:0100:00عمران بٹ 19 اور عظیم گھمن 8 کے انفرادی اسکور سے کھیل کے تیسرے روز کاآغاز کریں گے۔
دوسری جانب اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں جاری میچ کے دوسرے روز سنٹرل پنجاب کو ناردرن کے خلاف دوسری اننگز میں مجموعی طورپر172 رنز کی سبقت حاصل ہوگئی اور اس کے 2 کھلاڑی آوٴٹ ہوچکے ہیں۔ رضوان حسین اور عمر اکمل دوسری اننگز میں نصف سنچریاں اسکور کرچکے ہیں۔اس سے قبل سنٹرل پنجاب کے 226 رنز کے جواب میں ناردرن کی پوری ٹیم 191 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئی۔ حماد اعظم نے 52 اور عمرامین نے 42 رنز بنائے۔ دونوں کھلاڑیوں کے علاوہ ناردرن کا کوئی بھی بیٹسمین زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکا۔ سنٹرل پنجاب کے اسپنرز ظفر گوہر اور بلال آصف کی ایونٹ میں بہترین کارکردگی کا تسلسل برقرار ہے۔پہلی اننگز میں ظفر گوہر نے 54 رنز کے عوض 4 اور بلال آصف نے 57 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔اعزاز چیمہ نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ 35 رنز کی سبقت سے دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی سنٹرل پنجاب کی ٹیم نے دوسرے روز بہتر کھیل کا مظاہرہ کیااور دن کے اختتام پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنالیے ہیں۔ رضوان حسین 69 اور عمر اکمل 53 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ پہلی اننگز میں 8 وکٹیں حاصل کرنے والے ناردرن کے اسپنر نعمان علی دوسری اننگز میں تاحال 1وکٹ حاصل کرچکے ہیں۔
ادھر ایبٹ آبادکرکٹ اسٹیڈیم میں سندھ نیپہلی اننگز میں خیبرپختونخوا کے 288 رنز کے جواب میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنالیے ہیں۔ اس سے قبل6وکٹوں کے نقصان پر 225 رنز سے کھیل کے دوسرے روز کا آغاز کرنے والی خیبرپختونخوا کی پوری ٹیم 288 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئی۔ وکٹ کیپر بیٹسمین ریحان آفریدی نیناقابل شکست نصف سنچری اسکور کی۔ وہ 57رنز بنا کر ناٹ آوٴٹ رہے۔سندھ کے فاسٹ باوٴلر سہیل خان نے 62 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ میر حمزہ اور حسان خان نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں عمیر بن یوسف اور خرم منظور نے سندھ کو 51 رنز کاآغاز فراہم کیا۔ نوجوان اوپنر عمیر بن یوسف نے 10 چوکوں کی مدد سے 56 رنز کی اننگز کھیلی۔ دن کے اختتام پر سعود شکیل 35 اور فواد عالم 29 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں