6

قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے آٹھویں راوٴنڈ کا پہلا روز مکمل

و بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں خیبرپختونخوا نے بلوچستان کے خلاف پہلی اننگز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 290 رنز بنالیے ہیں۔ اس سے قبل خیبرپختونخوا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو 16 کے مجموعی اسکور پر اوپنر صاحبزادہ فرحان آوٴٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے۔ اشفاق احمد اور اسرار اللہ کے درمیان 86 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔اشفاق احمد 54 اور اسرار اللہ 42 رنز بناکر آوٴٹ ہوئے، جس کے بعد عادل امین 19 اور فخر زمان 9 رنز بناکر وکٹ گنوا بیٹھے۔ چاروں کھلاڑیوں کو اسپنر محمد اصغر نے آوٴٹ کیا۔ عادل امین اور فخر زمان کے جلد آوٴٹ ہونے کے بعد ذوہیب خان نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی۔ وہ 76 کے انفرادی اسکور سے کھیل کے دوسرے روز کا آغاز کریں گے۔

کریز کے دوسرے اینڈ پر موجود عثمان شنواری 58 گیندوں پر 20 رنز بناکر ان کا ساتھ نبھارہے ہیں۔ بلوچستان کی جانب سے اسپنر محمد اصغر 90 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا چکے ہیں۔
دوسری جانب کے آر ایل اسٹیڈیم راولپنڈی میں ناردرن نے سدرن پنجاب کے خلاف پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 339رنز بنالیے ہیں۔ اس سے قبل ناردرن کے کپتان نعمان علی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو عمرامین اور ذیشان ملک پر مشتمل اوپننگ جوڑی نے ٹیم کو 115 رنز کا مستحکم آغاز فراہم کیا۔

اس موقع پر ناردرن کے ا وپنر عمرامین ایونٹ میں اپنی دوسری سنچری اسکور نہ کرسکے۔انہوں نے10 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے90 رنز کی اننگز کھیلی۔ذیشان ملک 45 رنزبناکر آوٴٹ ہوئے۔ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے میدان میں اترنے والے علی سرفراز نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 73 رنز کی اننگز کھیلی۔ فیضان ریاض اور شاداب خان کے جلد آوٴٹ ہونے کے بعد حماد اعظم اور جمال انور نے محتاط کھیل کا مظاہرہ کیا۔حماد اعظم 48اور جمال انور 18 رنز سے کھیل کے دوسرے روز کا آغاز کریں گے۔سدرن پنجاب کی جانب سے اسپنر محمد عرفان 3وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
ادھرنیشنل اسٹیڈیم کراچی میں سنٹرل پنجاب نے سندھ کے خلاف پہلی اننگز میں7 وکٹوں کے نقصان پر 216رنز بنالیے ہیں۔ سنٹرل پنجاب نے ٹاس جیت کر پہلیبیٹنگ کا فیصلہ کیا جوزیادہ موٴثر ثابت نہ ہوسکا۔ اوپنر سلمان بٹ 2 کے مجموعی اسکور پر آوٴٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے تاہم دوسری وکٹ کے لییکپتان احمد شہزاد نے محمد سعد کے ہمراہ 69 رنز کی شراکت قائم کی۔احمد شہزاد 48 اور محمد سعد 31 رنز بناکر آوٴٹ ہوئے۔عمر اکمل کے جلد آوٴٹ ہونے کے بعد کامران اکمل اور عثمان صلاح الدین نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان پانچویں وکٹ کے لیے 92 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ کامران اکمل 59 رنز بناکر آوٴٹ ہوئے۔ عثمان صلاح الدین 50 رنزبناکر کریز پر موجود ہیں۔ وہ احسان عادل کے ہمراہ کھیل کے دوسرے روز کا آغاز کریں گے۔ سندھ کی جانب سے تابش خان نے 3 اور انور علی نے 2 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں