5

پنجاب، بلوچستان میں 3 ڈاکٹرز میں کورونا کی تشخیص، ملک میں متاثرین 1321 ہوگئے

پاکستان میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ رک نہ سکا اور جمعہ کو بھی مزید کیسز سامنے آنے سے ملک میں مجموعی تعداد 1300 سے بڑھ گئی ہے۔

ملک میں اس مہلک وائرس کے کیسز کو آئے ہوئے ایک مہینہ سے زیادہ ہوچکا ہے اور اس عرصے میں 10 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

اگر اعداد و شمار کے حساب سے دیکھیں تو پنجاب، سندھ سے بھی آگے نکل گیا ہے اور وہاں کیسز کی تعداد 448 ہوگئی ہے جبکہ سندھ میں یہ تعداد 440 ہے۔

جمعہ کو سامنے آنے والے کیسز کے بعد ملک میں اب تک متاثرین کی تعداد 1321 ہوچکی ہے۔تحریر جاری ہے‎

سندھ

سندھ میں مزید کیسز آنے کا سلسلہ نہ رک سکا اور صوبے میں 19 نئے کیس رپورٹ کیے گئے۔

محکمہ صحت سندھ کی ترجمان میران یوسف نے بتایا کہ سندھ میں نئے آنے والے کیسز میں 11 کراچی سے ہیں جو مقامی سطح پر منقلی کے کیس ہیں، اس کے علاوہ ایسا ہی ایک کیس حیدرآباد میں آیا ہے جبکہ 7 کیسز لاڑکانہ میں ایران سے آنے والے زائرین کے ہیں۔

متاثرہ افراد کے اعداد و شمار سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ اب تک کراچی میں 164 کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ 3 کیسز حیدرآباد اور ایک دادو میں رپورٹ ہوا، مزید یہ کہ 14 افراد صحت یاب ہوچکے جبکہ ایک فرد انتقال کرچکا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان تمام افراد میں سے 114 افراد مقامی سطح پر منتقلی سے متاثر ہوئے ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق ایران سے سکھر آنے والے 265 زائرین کے ٹیسٹ مثبت آچکے ہیں جبکہ لاڑکانہ میں زائرین کے 7 نئے کیسز ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ زائرین اور سندھ کے دیگر اضلاع میں آنے والے کیسز کے بعد صوبے کے متاثرین کی مجموعی تعداد 440 تک جا پہنچی ہے۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 40 کیسز سامنے آنے سے تعداد 448 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبائی محکمہ صحت کے ترجمان قیصر آصف کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کورونا کے 419 مصدقہ کیسز ہیں، جس میں 207 ڈیرہ غازی خان اور 19 ملتان سے ہیں جو زائرین ہیں۔

ترجمان کے مطابق اس کے علاوہ لاہور میں 104 افراد اس وائرس سے متاثرہ ہوچکے ہیں جبکہ باقی افراد صوبے کے دیگر علاقوں سے ہیں۔

ساتھ ہی محکمہ صحت کے ترجمان نے یہ بھی تصدیق کی کہ ڈیرہ غازی خان میں قرنطینہ کیے گئے 2 ڈاکٹروں سمیت 5 افراد میں وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا۔

انہوں نے کہا کہ تمام مصدقہ مریض آئیسولیشن وارڈز میں داخل ہیں، جنہیں طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

چند گھنٹے بعد انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں کورونا وائرس کے 448 کنفرم مریض ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈیرہ غازی خان سے 207 زائرین، ملتان سے 46 زائرین جبکہ لاہور میں 105 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ورنطینہ کیے گئے زائرین کے علاوہ ڈی جی خان میں 2 ڈاکٹروں سمیت کُل 5 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

اس کے علاوہ گجرات میں 22، گوجرانوالہ میں 8، جہلم میں 19، راولپنڈی میں 14، ملتان میں 3، فیصل آباد میں 5، منڈی بہاوالدین میں 3، سرگودھا میں 2، ننکانہ صاحب میں 2، میانوالی میں 2 جبکہ نارووال، رحیم یار خان، خوشاب، اٹک اور بہاولنگر میں ایک، ایک مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں اب تک 4 مریض کورونا وائرس سے جاں بحق ہوئے ہیں جن میں سے ایک راولپنڈی جبکہ 3 لاہور میں جاں بحق ہوئے۔

خیبرپختونخوا

ادھر خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے مزید 24 کیسز سامنے آگئے۔

اس حوالے سے صوبائی وزارت صحت کے عہدیدار زین رضا کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں 24 نئے کیسز سے متاثرین کی تعداد 147 تک پہنچ چکی ہے۔

بعد ازاں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات اجمل وزیر نے صوبے میں مزید کیسز کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 53 نئے کیسز آئے اور یہاں تعداد 176 ہوگئی۔

یہاں یہ واضح رہے کہ اجمل وزیر نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے کیسز کے بارے میں بتایا کیونکہ گزشتہ روز یہ تعداد 123 تک پہنچی تھی۔

پشاور میں ایک پریس کانفرنس میں انہوں نے ان تمام افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کی اور کہا کہ صوبائی حکومت نے محکمہ صحت کے لیے 50 کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کی ہے۔

دریں اثنا کچھ دیر بعد صوبے کے محکمہ صحت نے کیسز سے متعلق رپورٹ جاری کی جس کے مطابق 4 مزید نئے کیسز رپورٹ ہونے سے خیبرپختونخوا میں متاثرین کی تعداد 180 تک پہنچ گئی۔

بلوچستان

علاوہ ازیں بلوچستان میں بھی مزید 2 کیسز کی تصدیق ہوئی۔

صوبائی حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے بتایا کہ بلوچستان میں ایک ڈاکٹر میں نوول کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا، جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 132 ہوگئی۔

بعد ازاں صوبائی ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ میڈیا سیل کے ترجمان نے مزید ایک کیس سامنے آنے کی تصدیق کی۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں کورونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کی تعداد ایک ہزار 635 ہے۔

اسلام آباد

علاوہ ازیں سرکاری ویب سائٹ کے اعداد و شمار میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں 2 نئے کیس سامنے آئے۔

ان 2 کیسز کے سامنے آنے کے بعد وفاقی دارالحکومت میں متاثرین کی تعداد 27 ہوگئی۔

گلگت بلتستان

علاوہ ازیں گلگت بلتستان میں وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث مزید 7 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ان 7 نئے کیسز کے بعد علاقے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 91 ہوگئی ہیں۔

آزاد کشمیر

سرکاری سطح پر یہ بھی بتایا گیا کہ آزاد کشمیر میں بھی ایک کیس سامنے آیا، جس کے بعد وہاں تعداد 2 ہوگئی۔

مجموعی طور پر ملک کے مختلف صوبوں کے کیسز کی بات کریں تو سندھ میں 440، پنجاب میں 448، بلوچستان میں 132 اور خیبرپختونخوا میں 180 کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ 23 افراد اس وائرس سے صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔

دریں اثنا ملک میں اس وائرس سے اموات کو دیکھیں تو خیبرپختونخوا میں 3، پنجاب میں 4، سندھ میں ایک، بلوچستان میں ایک اور گلگت بلتستان میں ایک فرد انتقال کرچکا ہے۔

پاکستان میں 10 اموات

پاکستان میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاک 18 مارچ کو سامنے آئی جبکہ اسی روز دوسری موت کی بھی تصدیق کردی گئی۔

18 مارچ کو خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمو جھگڑا نے مردان میں پہلے شخص کے کورونا وائرس کی وجہ سے انتقال کرجانے کے بارے میں آگاہ کیا۔

بعد ازاں کچھ ہی دیر میں انہوں نے ہنگو میں دوسرے فرد کی موت کی تصدیق کی۔

20 مارچ کو ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں وائرس سے ایک مریض کا انتقال ہوا تو اس طرح تعداد 3 تک جا پہنچی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں