5

کورونا وائرس: پنجاب کے بعد سندھ میں بھی کیسز کی تعداد 500 سے تجاوز کرگئی

دنیا بھر کو اپنی دہشت سے خوف زدہ کرنے والے کورونا وائرس کا پاکستان میں بھی تیزی سے پھیلاؤ جاری ہے اور یہاں تعداد 1550 سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں ایک اور سندھ میں 2 اموات بھی سامنے آگئی ہیں اور مزید 33 متاثرین کی تصدیق کردی گئی ہے۔

سندھ کی وزیر صحت کی میڈیا کوآر ڈینیٹر میران یوسف کے مطابق کراچی میں سامنے آنے والے 33 نئے کیسز مقامی طور پر منتقلی کے ہیں جبکہ پورے صوبے کے 502 میں سے مقامی سطح پر سامنے آنے والے کیسز کی تعداد 177 ہے۔

26 فروری کو پہلے کیس سے اب تک ملک میں نا صرف 1566 کیس رپورٹ ہوئے بلکہ 15 افراد اس وائرس کا شکار ہوکر انتقال کرگئے۔

ملک کا پہلا کیس سندھ میں سامنے آنے کے بعد اسی صوبے کے متاثرین کی تعداد سب سے زیادہ تھی تاہم گزشتہ 2 روز میں پنجاب میں تیزی سے بڑھنے والے کیسز کے بعد اب وہاں سب سے زیادہ متاثرین ہیں۔تحریر جاری ہے‎

اس عالمی وبا کے پاکستان میں کیسز سامنے آنے کے ساتھ ہی مختلف صوبوں اور علاقوں نے اقدامات اٹھاتے ہوئے لاک ڈاؤن اور دیگر پابندیاں لگادی تھیں جبکہ لوگوں کی نقل و حمل کو محدود کردیا تھا۔

تاہم اس کے بعد بھی نئے کیسز کے آنے کا سلسلہ جاری ہے اور اتوار کو بھی ملک میں نئے افراد اس وائرس کا شکار بنتے نظر آئے تاہم اب تک 28 متاثرہ افراد مکمل طور پر صحت یاب ہوچکے ہیں۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس سے مزید 2 افراد کی اموات کی تصدیق کردی گئی جس کے بعد صوبے میں انتقال کرنے والے افراد کی تعداد 3 ہوگئی جبکہ متاثرین 502 ہوچکے ہیں۔

محکمہ صحت سندھ کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق کراچی میں مقامی طور پر منتقلی کے مزید 33 کیسز سامنے آگئے ہیں جس کے بعد صوبے میں مجموعی تعداد بڑھ کر 502 ہوگئی ہے۔

صوبائی وزیر صحت کی میڈیا کوآرر ڈی نیٹر میران یوسف کے مطابق اب تک کراچی میں 222 کیسز، دادو میں ایک، حیدر آباد میں 7، سکھر میں موجود 265 زائرین اور لاڑکانہ میں ایران سے آئے 7 زائرین میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔

اس کے بعد ملک میں مجموعی تعداد 1559 ہوگئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں کورونا وائرس سے 3 اموات ہوئی ہیں جبکہ 14 افراد صحت یاب ہوگئے ہیں، کراچی میں 13 اور حیدرآباد میں ایک مریض صحت یاب ہوچکا ہے اور 213 زیر علاج ہیں۔

میران یوسف کے مطابق صوبے میں اب تک مقامی سطح پر منتقلی کے کیسز کی تعداد 171 تک پہنچ گئی ہے جبکہ اب تک 5 ہزار 945 افراد کے ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔

قبل ازیں وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے اس بات کی تصدیق کی کہ دونوں افراد کورونا وائرس سے انتقال کرگئے۔

انہوں نے بتایا کہ ہمیں دونوں مریضوں کے انتقال کے بعد ان کی لیب رپورٹس موصول ہوئی، جس میں ان کی موت کی وجہ نمونیا کے ساتھ کورونا وائرس تھی۔

صوبائی وزیر صحت نے بتایا کہ ایک مریض کی عمر 83 جبکہ ایک 70 سال تھی۔

علاوہ ازیں محکمہ صحت سندھ نے بتایا کہ دونوں افراد کا تعلق کراچی سے تھا۔

پنجاب

پنجاب میں بھی کورونا وائرس کے مزید 13 کیسز سامنے آگئے۔

محکمہ صحت پنجاب کے ترجمان قیصر آصف نے بتایا کہ پنجاب میں مصدقہ کیسز کی تعداد 570 تک پہنچ چکی ہے۔

مزید برآں ان کا کہنا تھا کہ اب تک صوبے میں 5 اموات ہوئی ہیں اور 5 مریض صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔

متاثرہ افراد کے اعداد و شمار کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ڈیرہ غازی خان سے 207 اور ملتان سے 79 زائرین میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ رائے ونڈ کے قرنطینہ میں 23 اور لاہور میں 119 افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ گجرات میں 52، گوجرانوالہ میں 11، جہلم میں 21 اور راولپنڈی میں 19 مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔

ساتھ ہی یہ بھی بتایا گیا کہ ملتان میں 3، فیصل آباد میں 9، منڈی بہاالدین میں 4 کیسز سامنے آئے جبکہ باقی کیسز پنجاب کے دیگر حصوں سے ہیں۔

خیبر ہختونخوا

خیبر پختونخوا میں مزید 4 کیسز کی تصدیق کی گئی جس کے بعد صوبے میں مجموعی تعداد 192 ہوگئی جبکہ ایک ہلاکت بھی سامنے آئی۔

خیبر پختونخوا کے محکمہ صحت کے عہدیدار نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 78 سالہ شخص کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگیا جس کے بعد ملک میں اموات کی تعداد 15 تک پہنچ گئی۔

انتظامیہ کا کہناتھا کہ پورے علاقے کو لاک ڈاؤن کیا گیا ہے اور ان سے ملنے والے افراد کو بھی تلاش کیا جارہا ہے۔

بلوچستان

بلوچستان کے محکمہ صحت کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق کورونا وائرس کے مزید 3 کیسز سامنے آگئے ہیں جس کے بعد مجموعی تعداد 141 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت کے ترجمان کے مطابق صوبے میں مشتبہ مریضوں کی تعداد 1710 ہے جبکہ 1275 ٹیسٹ کے نتائج منفی آگئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے صحت یاب مریضوں کی تعداد بھی بڑھ کر 2 ہوگئی ہے۔

بلوچستان میں کوروناوائرس سے ایک ہلاکت بھی ہوئی تھی۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو اسلام آباد میں مزید 4 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ان 4 نئے کیسز کے بعد وفاقی دارالحکومت میں متاثرین کی تعداد 39 سے بڑھ کر 43 تک پہنچ گئی۔

اسی طرح گلگت بلتستان میں بھی 9 نئے افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں ان نئے کیسز کے سامنے آنے سے متاثرین 107 سے بڑھ کر 116 ہوگئے۔

مجموعی طور پر ملک کے کیسز پر نظر ڈالیں تو پنجاب میں سب سے زیادہ 557 افراد متاثر ہیں، اس کے بعد سندھ میں 502، خیبرپختونخوا میں 192، بلوچستان میں 141، گلگت بلتستان مین 116، اسلام آباد میں 43 اور آزاد کشمیر میں 2 افراد متاثر ہوئے ہیں۔

ملک میں کوروناوائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد بڑھ کر 1566 ہوگئی ہے۔

اموات پر اگر نظر ڈالیں تو اس وائرس سے سب سے زیادہ لوگ بھی پنجاب میں جان سے گئے ہیں اور وہاں تعداد 5 ہے۔

اس کے بعد خیبرپختونخوا میں 5 افراد اس وائرس سے انتقال کرچکے ہیں جبکہ سندھ میں 3، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں یہ تعداد ایک،ایک ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں