6

” تم شوبز میں نہیں رہ سکتیں” طارق عزیز کی رابی پیرزادہ بارے بات سچ ہوگئی

شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کر کے باقی کی زندگی اسلامی اصولوں کے مطابق گزارنے کا فیصلہ کرنے والی رابی پیرزاہ کا کہنا ہے کہ طارق عزیز انہیں ہمیشہ کہتے تھے کہ تم شوبز میں نہیں رہ سکتیں اور شاید وہ ٹھیک کہتے تھے . سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ روز انتقال کر جانے والے معروف کمپیئر طارق عزیز کے ہمراہ یادگار تصویریں شئیر کرتے ہوئے رابی پیرزادہ نے ان کے ساتھ گزارے قیمتی لمحات اور باتوں کو یاد کیا اور تعزیتی پیغام شئیر کیا .

رابی پیرزادہ نے اپنے پیغام میں بتایا کہ ماضی میں انہیں شوبز میں کچھ ایسے لوگ بھی ملے جو شوبز میں ہوتے ہوئے شوبز میں نہیں تھے.

انہوں نے کہا کہ طارق عزیز نے انہیں اپنی زندگی کی تلخ حقیقتیں بتائیں، رابی نے لکھا کہ طارق عزیز نے لاہور آنا، سڑکوں پر سونا سمیت ریڈیو سے ٹی وی تک کے سفر کی باتیں بتائی تھیں.انہوں نے اس بات سے بھی پردہ اٹھایا کہ طارق عزیز انہیں اکثر کہتے تھے کہ تم شوبز میں نہیں رہ سکتیں، سابقہ گلوکارہ نے لکھا کہ شاید وہ ٹھیک کہتے تھے. رابی پیرزادہ نے لکھا کہ گارڈن ٹاؤن چھوڑنے کے بعد سے کبھی طارق عزیز سے ملاقات نہ ہوسکی

کیونکہ شوبز چھوڑنے کے بعد انہوں نے کبھی شوبز سے وابستہ لوگوں سے ملاقات کی کوشش نہیں کی.انہوں نے لکھا کہ اللہ کب کسی کو لے جائے پتہ نہیں چلتا، افسوس کا اظہار کرتے ہوئے رابی نے لکھا کہ کاش کہ وہ طارق عزیز کی بیماری کا پوچھنے چلی جاتیں. واضح رہے کہ ریڈیو پاکستان، ٹیلی ویژن، فلم ، صحافت، ادب اور سیاست کاایک نمایاں نام طارق عزیز گزشتہ روز حرکت قلب بند ہونے سے اس دنیا سے رخصت ہو گیا.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں