5

پنجاب حکومت نے تعلیمی اداروں کیلئے موسم گرما کی تعطیلات میں اضافے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا

پنجاب حکومت نے تعلیمی اداروں کیلئے موسم گرما کی تعطیلات میں اضافے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا، سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق صوبے کے تمام نجی و سرکاری اسکول 15 جولائی تک بند رہیں گے . تفصیلات کے مطابق پنجاب کے محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے صوبے کے تمام سکولوں کیلئے موسم گرما کی تعطیلات میں اضافے کے حوالے سے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے .

بتایا گیا ہے کہ صوبے کے تمام نجی و سرکاری سکول 15 جولائی تک بند رہیں گے. صوبے میں کرونا وائرس پھیلاو کے باعث سکولوں کیلئے موسم گرما کی تعطیلات میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، جس کا باقاعدہ نوٹیفیکشن اب جاری کیا گیا ہے.

موسم گرما کی تعطیلات کے حوالے سے قیاس آرائیاں دور کرنے کیلئے تعطیلات میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے. واضح رہے کہ 2 روز سے خبریں زیر گردش ہیں کہ پنجاب میں تعلیمی ادارے 15 اگست سے کھول دیے جانے کا امکان ہے. اس حوالے سے وزیر تعلیم پنجاب مراد راس سے منسوب ایک بیان سوشل میڈیا پر گردش کرتا رہا. تاہم اس حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ تعلیمی ادارے کھولنے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرتی خبریں درست نہیں ہیں. اس حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ یا اعلان نہیں کیا گیا. ان کا کہنا ہے کہ میرا گزشتہ بیان یہ تھا کہ کرونا کے باعث بننے والے صورت حال پر قابو پایا جا سکتا ہے. اسی صورت میں اسکولوں کو 15 اگست سے سخت ترین ایس او پیز کے ساتھ کھولنے کا فیصلہ کیا جا سکتا ہے، تاہم ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا. ہمیں بچوں اور ٹیچرز کی زندگی عزیز ہے. تعلیمی اداروں کو کھولنے کا حتمی فیصلہ کرونا وائرس کے بعد بننے والی صورت حال دیکھ کر اور وفاق کو کرنا ہے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں