7

تیسرا ٹی20: پاکستان کا انگلینڈ کو فتح کیلئے 191 رنز کا ہدف

پاکستان نے انگلینڈ کو دوسرے ٹی20 میچ میں فتح کے لیے 191 رنز کا ہدف دیا ہے۔

مانچسٹر میں کھیلے جا رہے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی20 میچ میں انگلینڈ کے کپتان اوئن مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو دوسرے اوور کی پہلی ہی گیند پر معین علی نے فخر زمان کی وکٹیں بکھیر دیں۔

بابر اعظم نے حیدر علی کے ساتھ مل کر اسکور کو 32تک پہنچایا لیکن 21 رنز بنانے کے بعد وہ ٹام کرن کی وکٹ بن گئے۔تحریر جاری ہے‎

اس کے بعد حیدر علی کا ساتھ دینے حفیظ آئے اور دونوں کھلاڑیوں خصوصاً ڈیبیو کرنے والے حیدر نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری شراکت مکمل کی۔

محمد حفیظ نے عادل رشید کو لگاتار دو چھکے لگا کر پاکستان کی سنچری مکمل کرائی۔

دوسرے اینڈ سے حیدر نے پہلے ہی میچ میں عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے صرف 28 گیندوں پر دو چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے نصف سنچری مکمل کر لی۔

ادھر ابتدا میں سست کھیل پیش کرنے والے حفیظ نے بھی بعد میں جارحانہ انداز اپنایا اور لگاتار دوسرے میچ میں نصف سنچری اسکور کی۔

حیدر علی 54 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد باؤلڈ ہو گئے لیکن دوسرے اینڈ سے حفیظ نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

شاداب خان تیز رفتاری سے بیٹنگ میں ناکام رہے اور 15 رنز بنانے کے بعد کرس جورڈن کو وکٹ دے بیٹھے۔

پاکستانی کھلاڑی اختتامی اوورز میں زیادہ تیز سے رنز بنانے میں ناکام رہے اور مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 190رنز بنائے، حفیظ نے 52 گیندوں پر 6 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 86رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے کرس جورڈن دو وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے۔

اس سے قبل ٹاس جیتنے کے بعد انگلینڈ کے کپتان نے کہا کہ یہ ایک نئی وکٹ ہے اور ہم پاکستان کو کم سے کم رنز پر محدود رکھنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے میچ کے لیے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہ کرنے کا اعلان بھی کیا۔

دوسری جانب پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ٹاس جیتنے کی صورت میں ہم بھی پہلے باؤلنگ ہی کرتے لیکن اب ہم زیادہ سے زیادہ رنز بنانے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے پاکستانی ٹیم میں تین تبدیلیوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حیدر علی ڈیبیو کر رہے ہیں جبکہ سرفراز احمد اور وہاب ریاض بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

پاکستان: بابر اعظم(کپتان)، فخر زمان، حیدر علی، سرفراز احمد، شعیب ملک، محمد حفیظ، عماد وسیم، شاداب خان، وہاب ریاض، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی۔

انگلینڈ: اوئن مورگن(کپتان)، ٹام بینٹن، جونی بیئراسٹو، ڈیوڈ ملان، معین علی، سیم بلنگز، لوئس گریگری، ٹام کرن، کرس جورڈن، عادل راشد اور ثاقب محمود۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں