6

’’دی بیٹ مین‘‘ کے ہیرو کورونا وائرس کا شکار؛ فلم کی شوٹنگ موخر

لاس اینجلس: فلم’’دی بیٹ مین‘‘ کے ہیرو برطانوی اداکار روبرٹ پیٹنسن کورونا وائرس کا شکار ہوگئے جس کے بعد فلم کی شوٹنگ غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردی گئی ہے۔

وارنر بروس اسٹوڈیو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ میں بیٹ مین پروڈکشن کے ایک ممبر میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کی وجہ سے فلم کی شوٹنگ کو عارضی طور پر معطل کردیا گیا ہے۔ تاہم وارنر بروس اسٹوڈیو نے کورونا کا شکار ہونے والے شخص کا نام نہیں بتایا اور نہ ہی یہ بتایا کہ شوٹنگ کتنے عرصے کے لیے ملتوی کی جارہی ہے۔

دوسری جانب ہالی ووڈ رپورٹر سمیت دیگر خبررساں اداروں کے مطابق جس شخص میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے وہ کوئی اور نہیں بلکہ فلم ’’بیٹ مین‘‘ کے ہیرو روبرٹ پیٹنسن ہیں۔

وارنر بروس پروڈکشن ہاؤس اور روبرٹ پیٹنسن کے نمائندوں سے جب اس بارے میں پوچھا گیا تو ان کی جانب سے اس حوالے سے کوئی بات نہیں کی گئی اور نہ ہی یہ واضح ہوسکا ہے کہ روبرٹ پیٹنسن میں کس حد تک کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہوئی ہیں۔

واضح رہے کہ کورونا وبا کے باعث مارچ کے وسط میں شوٹنگ بند کیے جانے بعد فلم ’’دی بیٹ مین‘‘ کی شوٹنگ  تین روز قبل ہی شمالی لندن میں دوبارہ شروع ہوئی تھی۔ اس فلم کی ابھی تین ماہ کی شوٹنگ باقی رہتی تھی۔ فلم ابتدائی طور پر جون 2021 میں ریلیز ہونی تھی لیکن رواں سال کی ابتدا میں اس کی ریلیز کی تاریخ اکتوبر 2021 تک بڑھادی گئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں