7

سینیٹ میں مسلم لیگ (ن) اور ایم کیو ایم کے سینیٹر میں تلخ کلامی

ایوان بالا (سینیٹ) میں مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما سینیٹر مشاہد اللہ خان اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینیٹر میاں عتیق شیخ کے درمیان تلخ کلامی ہوئی اور دونوں نے ایک دوسرے کے خلاف انتہائی نامناسب الفاظ کا استعمال کیا جس کے بعد ان الفاظ کو کارروائی سے حذف کرنا پڑا۔

سینیٹ کا اجلاس چیئرمین صادق سنجرانی کی صدارت میں ہوا، جہاں مشاہد اللہ خان اور میاں عتیق کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ دیکھا گیا اور معاملہ گالم گلوچ تک پہنچ گیا۔

مشاہد اللہ خان نے اظہار خیال کرنا شروع کیا تو درمیان میں میاں عتیق کی جانب سے بولنے کا سلسلہ جاری رہا جس پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ میں نے گزشتہ دنوں بھی اپنی تقریر میں ان (میاں عتیق) کا نام نہیں لیا تھا لیکن انہوں نے خود اپنے اوپر لے لیا تھا۔

تاہم اس دوران میاں عتیق نے بیچ میں یہ بولا کہ ‘انہیں بچپن سے بری عادتیں پڑی ہوئی ہیں’، جس پر مشاہد اللہ نے جواب دیا کہ ‘انہیں معلوم ہے میری بری عادت کا، انہوں نے میری بری عادت کو دیکھا نہیں بلکہ سہا ہے’۔

انہوں نے میاں عتیق کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تم 260 افراد کے قاتل ہو، کل عدالت نے کہہ دیا ہے، اس دوران عتیق شیخ شور شرابا کرتے رہے اور کہا کہ یہ ‘گارڈن کالج میں غلط کام کرتے تھے، انہیں دیکھا ہے، میں اس شخص کو بھی لاؤں گا’۔

جس پر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ ‘گارڈن کالج میں تم میرے بھائی کے ورکر ہی تھے اور نعرے مارتے تھے’۔

ایوان میں جاری اس بحث کے دوران عتیق شیخ نے کہا کہ یہ ذاتیات پر بول رہے ہیں جس پر مشاہد اللہ نے کہا کہ میں نے پڑسوں ان کا نام لیکر کچھ نہیں کہا میں نے ‘نمونہ’ ضرور کہا تھا لیکن انہیں نہیں کہا تھا۔

تاہم اس دوران ماحول اس وقت مزید کشیدہ ہوگیا جب عتیق شیخ نے انتہائی نامناسب الفاظ کا استعمال کیا جس کے جواب میں مشاہد اللہ نے بھی سخت لفظ استعمال کئے اور کہا کہ میں ‘اس کو الٹا ٹانگ دوں گا’ یہ ‘گالی دے رہا ہے’۔

ایوان میں جاری اس ہنگامے پر اسپیکر بار بار میاں عتیق کو کہتے رہے کہ آپ تشریف رکھیں لیکن انہوں نے کہا کہ انہیں (مشاہداللہ) کو باہر نکالیں۔

جس پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ لو جی مجھے باہر نکالیں میں نے تو ‘ 260 آدمیوں کا قتل کیا ہے، میں نے تو 260 آدمیوں کو زندہ جلایا ہے، مجھے باہر نکالو، میں تو بھتے لیتا ہوں ناں، مجھے باہر نکالو’۔

انہوں نے کہا کہ ‘یہ بھتے لینے والوں کو باہر نہ نکالو، حرام کا پیسہ کماکر یہ یہاں بیٹھا ہوا ہے’، تاہم اس موقع پر پھر عتیق شیخ نے انتہائی نامناسب لفظ استعمال کیا جس پر مشاہد اللہ نے بھی وہی لفظ میاں عتیق کے پورے خاندان کے لیے استعمال کردیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں