6

ترکی کی کراچی میں ٹرام سروس شروع کرنے میں معاونت کی پیشکش

ترکی کی حکومت نے کراچی کے ایم اے جناح روڈ اور آئی آئی چندریگر روڈ پر ٹرام سروس لگانے میں پاکستانی حکومت کو مدد کی پیش کش کی ہے۔

ذرائع کے مطابق ترک قونصل جنرل ٹولگا یوک نے شہر کے ایڈمنسٹریٹر افتخار علی شلوانی کو اس منصوبے کے لیے اپنے ملک کے تعاون کی پیش کش کی۔

یہاں کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے دفتر میں منعقدہ ایک اجلاس میں افتخار شلوانی نے ترک قونصل جنرل سے کراچی کے عوام کو ٹرانسپورٹ کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے تعاون کرنے پر اظہار تشکر کیا۔

اس موقع پر ترک قونصلیٹ کے عہدیدار ایوب یلدریم بھی موجود تھے۔تحریر جاری ہے‎

خیال رہے کہ ترکی کا شہر استنبول بھی ٹرام سروس کے لیے جانا جاتا ہے اور اسی طرح استنبول کی طرز پر ٹرام سروس سے کراچی کو بھی فائدہ ہوسکتا ہے۔

ایڈمنسٹریٹر افتخار شلوانی نے کہا کہ سستا اور تیز تر ٹرانسپورٹ سسٹم لانے کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے وہ اور ترک سفارت کار کراچی کی دو مصروف ترین شاہراہوں ایم اے جناح روڈ اور آئی آئی چندریگڑ میں ٹرام سروس متعارف کرانے پر راضی ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے مزید پیش رفت مشاورت کے بعد ہوگی۔

ترک قونصل جنرل نے کراچی میں کتب خانوں کے فروغ کے لیے بھی تعاون کی پیش کش کی اور کہا کہ ان کی حکومت اس سلسلے میں مکمل تعاون کرنے کے لیے تیار ہے۔

قبل ازیں ایڈمنسٹریٹر نے ٹولگا یوک کی میزبانی کی تھی اور دونوں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

قونصل جنرل نے کراچی کے بطور ایڈمنسٹریٹر چارج سنبھالنے پر افتخار شلوانی کو مبارکباد بھی پیش کی تھی۔

افتخار شلوانی کا کہنا تھا کہ ‘ترکی ہمارا برادرانہ اسلامی ملک ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مثالی تعلقات ہیں’۔

انہوں نے قونصل جنرل کو شہر میں ٹرام سروس اور کتب خانوں کی ترقی کے لیے تعاون کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔

ایڈمنسٹریٹر نے کہا کہ سپریم کورٹ نے کراچی میں ٹرام سروس چلانے کی پہلے ہی ہدایات دے رکھی ہیں اور ٹرام سروس چلنے سے شہر کی تاریخی ساکھ بھی بحال ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کو استنبول جیسا سیاحتی مرکز بنانے کی کوشش کی جارہی ہے اور اس سلسلے میں ترک حکومت کا تعاون انتہائی قابل تعریف ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں