5

فن لینڈ میں 16 سالہ لڑکی ایک دن کی وزیر اعظم بن گئیں

ہولی وڈ و بولی وڈ فلموں کی طرح یورپی ملک فن لینڈ میں حکومت نے ایک 16 سالہ لڑکی کو محض ایک دن کے لیے علامتی وزیر اعظم کی ذمہ داریاں سونپ کر سب کو حیران کردیا۔

فن لینڈ کی حکومت نے عالمی تنظیم پلان انٹرنیشنل کی جانب سے خواتین کو مواقع فراہم کرنے اور صنفی مساوات کے لیے شروع کی گئی مہم (گرلز ٹیک اوور) کے تحت 16 سالہ ایوا مورتو کو وزیر اعظم بنایا تھا۔

فن لینڈ کی حکومت نے ایوا مورتو کو اقوام متحدہ (یو این) کی جانب سے ہر سال اکتوبر میں منائے جانے والے لڑکیوں کے عالمی دن کے موقع پر ایک دن کا وزیر اعظم بنایا۔

فن لینڈ حکومت کی جانب سے بتایا گیا کہ ایوا مورتو نے 7 اکتوبر کو ایک دن کے علامتی وزیر اعظم کی خدمات سر انجام دیں۔

ایک دن کے لیے وزیر اعظم کی خدمات دینے والی ایوا مورتو نے اگرچہ کوئی قانون سازی نہیں کی اور نہ ہی انہوں نے حکومتی معاملات کے لیے کوئی ضوابط بنائے، تاہم انہوں نے بطور وزیر اعظم تمام کاموں کی نگرانی کی۔

حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایک دن کی وزیر اعظم نے مختلف اعلیٰ حکومتی عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں اور انہوں نے صنفی مساوات اور لڑکیوں کے لیے مواقع پیدا کرنے جیسے معاملات پر گفتگو کی۔

ایک دن کی وزیر اعظم ایوا مورتو نے فن لینڈ کے وزیر اعظم کے دفتر میں 7 اکتوبر کو پورا دن خدمات سر انجام دیں اور انہوں نے اپنی ذمہ داریاں نبھانے کے دوران ٹیکنالوجی کے شعبے میں لڑکیوں کے کردار اور مواقع پر خصوصی توجہ مرکوز رکھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں