8

بھارت: مسلمان اداکار کی ٹوئٹ پر ’مرزاپور 2‘ کے بائیکاٹ کی مہم

بولی وڈ اداکار علی فضل کی پرانی ایڈٹ شدہ ٹوئٹ پر بھارت میں آنے والی کرائم تھرلر ویب سیریز ’مرزاپور 2‘ کے بائیکاٹ کی مہم چلائی جا رہی ہے۔

’مرزاپور 2‘ ایمازون پرائم کی بھارت کی تیسری اویجنل ویب سیریز ہے، جسے رواں ماہ 23 اکتوبر کو ریلیز کیا جائے گا۔

مذکورہ ویب سیریز کا ٹریلر چند دن قبل 6 اکتوبر کو ریلیز کیا گیا تھا اور ویب سیریز کے ٹریلر کے سامنے آتے ہی بھارت کی سوشل میڈیا پر ’مرزاپور 2‘ کے بائیکاٹ کی مہم شروع ہوگئی۔

مرزاپور 2‘ کے بائیکاٹ کی مہم کی اصل وجہ ویب سیریز کے مرکزی اداکار علی فضل کی پرانی ایڈٹ شدہ ایک ٹوئٹ ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ علی فضل کی ایک پرانی ٹوئٹ کو ایڈٹ کرکے سوشل میڈیا پر شیئر کیا گیا اور اسی ٹوئٹ کو بہانا بنا کر ’مرزاپور 2‘ کے بائیکاٹ کی مہم چلائی گئی۔

علی فضل کی جس ٹوئٹ کو بہانا بنا کر ’مرزاپور 2‘ کے بائیکاٹ کی مہم چلائی گئی، وہ دراصل اداکار کی جعلی ٹوئٹ تھی۔

علی فضل نے رواں برس اگست میں ’مرزاپور 2‘ کی جھلک شیئر کرتے ہوئے اسی ویب سیریز کا ایک ڈائیلاگ ’شروع مجبوری میں کیے تھے، اب آئے گا مزہ‘ لکھا تھا، جسے ایڈٹ کرکے اداکار کو بدنام کیا جا رہا ہے۔

اداکار کی مذکورہ ٹوئٹ کو ایڈٹ کرکے رواں برس کے آغاز میں دارالحکومت نئی دہلی میں متنازع شہریت کے معاملے پر ہونے والے احتجاج کے دوران ہونے والے فسادات میں ہلاک ہونے والے پولیس افسر کے ہاتھ کی تصویر لگائی گئی۔

ٹوئٹ کے اداکار کی جانب سے لکھے گئے ویب سیریز کے ڈائیلاگ کے نیچے مظاہرین کے تشدد سے ہلاک ہونے والے پولیس افسر کی لاش کے ہاتھ کی تصویر شامل کرکے اسے انٹرنیٹ پر پھیلا کر ’مرزاپور 2‘ کے بائیکاٹ کی مہم چلائی گئی۔

مہم چلانے والے افراد نے مسلمان اداکار کو بھارت مخالف اداکار قرار دیا اور لوگوں سے اپیل کی کہ زہریلی زبان استعمال کرنے والے بھارت مخالف اداکار کی ویب سیریز ’مرزاپور 2‘ کا بائیکاٹ کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں