5

ایمنسٹی سکیم میں چھ ماہ کی توسیع، کمزوریاں دور کی جائیں ۔ میاں زاہد حسین

اسلام آباد (محمد جواد بھوجیہ )پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ہاوسنگ مارکیٹ کی ترقی کے لئے پر عزم ہیں جس سے معیشت کی سست روی ختم ہو جائے گی ۔ انکی کوششوں سے ملک میں گھروں کی قلت ختم، پلاٹوں کی قیمتوں میں اعتدال اور بے روزگاری میں کمی آئے گی جبکہ پچاس سے زیادہ صنعتیں ترقی کریں گی ۔ میاں زاہد حسین نے بزنس کمیونٹی سے گفتگو میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان عوام کو سستے گھر فراہم کرنے میں سنجیدہ ہیں تاہم کنسٹرکشن پیکج کے بعد سے متعدد مسائل اس سلسلہ میں رکاوٹ بنے ہوئے تھے جبکہ بینک بھی اس سلسلہ میں تعاون پر آمادہ نہیں تھے مگر اب صورتحال بدل رہی ہے اور تمام متعلقہ ادارے ایک پیج پر آ چکے ہیں ۔ مرکزی بینک نے دیگر بینکوں کو اس سلسلہ میں قرضے جاری کرنے کا پابند کر دیا ہے ۔ وزیر اعظم اپنے خواب کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ایمنسٹی سکیم میں چھ ماہ کی توسیع کریں ۔ موجودہ سکیم میں گھروں فلیٹس اور دکانوں وغیرہ کے پہلے خریدار کو ایمنسٹی دی گئی ہے جو خوش آئند ہے تاہم دوسرے خریدار کو ایمنسٹی نہیں دی گئی ہے جس کے بغیر یہ سکیم ادھوری رہے گی ۔ اگر پہلے کے بعد دوسرے اور تیسرے خریدار کو بھی ایمنسٹی دی جائے تو اربوں روپے کا چھپا ہوا سرمایہ باہر آ کر معیشت میں شامل ہو جائے گا ۔ انھوں نے کہا کہ اس شعبہ کو ترقی دینے کے لئے ہاوسنگ فنانس کے کمزور نظام کو بہتر بنانا ضروری ہے جبکہ متعلقہ قوانین، لینڈ ریکارڈ، فعال ریگولیٹر کے قیام، بلڈرز اینڈ ڈویلپرزکے شعبہ سے کالی بھیڑوں کے خاتمہ، پٹواری مافیا کو لگام ڈالنے اور قبضہ گروپوں کے خلاف فوری کاروائی کر کے عوام کو ریلیف دینے کو یقینی بنانا ہو گا ۔ دیار غیر میں مقیم پاکستانی اپنے خون پسینے کی کمائی سے گھر بنانے کے لئے پلاٹ لینے کے لئے پیسہ بھجواتے ہیں مگر ان میں سے بہت سے مافیا کے ہاتھوں لٹ جاتے ہیں ۔ اگر اس سلسلہ کو روکا جائے اور دیار غیر میں مقیم پاکستانی بھائیوں کا اعتماد بحال کر دیا جائے تو ترسیلات میں ایسا اضافہ ممکن ہے جو دنیا کو حیران کر دے ۔ میاں زاہد حسین نے مزید کہا کہ ایسوسی ایشن اف بلڈرذ اینڈ ڈویلپرز (آباد )کی تجاویزپرمکمل غور کیا جائے اور ان کی مشاورت سے وزیر اعظم کے پیکج کو مذےد بہتر بناےا جائے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں