6

پشاور دھماکے پر شوبز فنکار بھی رنجیدہ، واقعہ بدترین دہشت گردی قرار دیدیا

 کراچی: پشاور میں مدرسے کے اندر ہونے والے دھماکے پر شوبز فنکار بھی غم میں ڈوب گئے۔

پشاور کے علاقے دیر کالونی میں واقع مدرسے میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں بچوں سمیت 8 افراد شہید جب کہ 110 زخمی ہوگئے۔افسوس کی بات یہ ہے کہ دھماکا عین اس وقت ہوا جب بچوں کی بڑی تعداد دینی تعلیم حاصل کررہی تھی۔ واقعے پر جہاں سیاست دانوں سمیت ہر طبقہ فکر کی جانب سے پرزور مذمت کی گئی وہیں شوبز برادری نے بھی گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

گلوکار علی ظفر نے اپنی ٹویٹ میں دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کی جانب سے پشاور میں مدرسے پر ہونے والے حملے نے آرمی پبلک اسکول کے سانحہ کی یاد تازہ کردی، ان دونوں واقعات کو بھلایا نہیں جاسکتا۔

اداکار ہمایوں سعید نے کہا کہ پشاور میں دھماکے کا سن کر رنجیدہ ہوگیا ہوں بس میرا دماغ یکلخت ماؤف ہوگیا، یہ سوچ کر کہ اب دوبارہ ہمارے بچوں کا لہو بہہ رہا ہے۔

گلوکار فرحان سعید نے افسوس بھرے انداز کے ساتھ کہا کہ اللہ پاک مدرسے حملے میں شہید ہونے والوں کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔ میری نیک خواہشات اور دعائیں زخمیوں اور شہدا کے خاندان والوں کے ساتھ ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں