6

ملتان، راولپنڈی میں کورونا کیسز میں خطرناک حد تک اضافہ

لاہور: کورونا وائرس ملتان اور راولپنڈی میں تیزی سے پھیل رہا ہے جہاں وائرس کی مثبت کیسز کی شرح بالترتیب 7 اور 6 فیصد تک بڑھ گئی ہے جو گزشتہ تین مہینوں کے دوران دونوں شہروں میں پہلی بار خطرناک حد تک اضافہ ظاہر کرتی ہے۔

ذرائع کے مطابق لاہور میں مثبت کیسز کی شرح بڑھ کر 3 فیصد ہوگئی جس پر صحت کے حکام نے تشویش ظاہر کی جنہوں نے حال ہی میں اس وائرس کی ‘دوسری لہر’ کا اعلان کیا تھا۔

کابینہ کمیٹی کے حالیہ اجلاس میں پیش کردہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں وائرس کی مثبت کیسز کی مجموعی تعداد 2 فیصد بڑھ گئی ہے جو چند ماہ قبل صوبے میں تقریباً 0.1 فیصد تھا۔

جمعرات کو محکمہ صحت کے جانب سے کورونا وائرس کے حوالے سے تازہ ترین اپڈیٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں 338 مزید افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے جو 23 جولائی کے بعد سے ریکارڈ تعداد ہے جب یہاں کورونا وائرس کے 313 نئے کیسز سامنے آئے تھے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وائرس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پورے صوبے میں 5 مریضوں کی جانیں لیں۔

محکمہ صحت کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا ’حالیہ سرکاری اطلاعات نے تصدیق کی ہے کہ وائرس کی دوسری لہر کا آغاز ہوگیا ہے، خاص طور پر صوبے کے بڑے شہروں میں جہاں ہر گزرتے دن کے ساتھ مثبت کیسز کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے‘۔

ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 26 ستمبر کو پنجاب میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی شرح ایک فیصد تھی جو نومبر کے پہلے ہفتے میں دوگنی ہوگئی ہے، اسی طرح یکم اکتوبر کو لاہور میں وائرس کی منتقلی کی شرح 0.1 فیصد تھی جو اب بڑھ کر 3 فیصد ہوگئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں