7

اسلام آباد: کاون ہاتھی کو کمبوڈیا روانہ کرنے کی تیاریاں

وفاقی دارالحکومت کے شہریوں نے کاون ہاتھی کی کمبوڈیا منتقلی سے قبل اس کے اعزاز میں الوداعی پارٹی کا انعقاد کیا جس میں متعدد معروف شخصیات نے شرکت کی جبکہ صدر مملکت عارف علوی نے بھی کاون کو الوداع کہنے کے لیے آج چڑیا گھر کا دورہ کیا۔

ذرائع کے مطابق کاون کو مرغزار چڑیا گھر سے ریٹائرمنٹ کے بعد کمبوڈیا منتقل کرنے کے لیے ایک روسی مال بردار طیارے کو چارٹر کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ کاون 1985 میں سری لنکن حکومت کی جانب سے صدارتی تحفے کی حیثیت سے پاکستان آیا تھا جسے اس کے جارحانہ رویے کے باعث چڑیا گھر انتظامیہ نے 2002 میں زنجیروں سے باندھ دیا تھا۔

تاہم عوام کی جانب سے آواز اٹھانے کے بعد 5 سال قبل کاون کی زنجیریں ہٹا دی گئی تھیں۔

رواں برس مئی میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم دیا تھا کہ کاون کو آزاد کیا جائے اور جانوروں کی آباد کاری کے لیے موزوں پناہ گاہ تلاش کی جائے۔

کاون کے لیے سجائی گئی الوداعی تقریب میں شریک وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین نے اپنی تقریر میں بتایا کہ کاون 29 نومبر کو اسلام آباد سے روانہ ہوگا، اور مجھے خوشی ہے وہ اپنے بقیہ ایام اپنے ریوڑ کے ساتھ گزارے گا۔

تاہم اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے رکن اور ماہر جنگی حیات زاہد بیگ مرزا ہاتھی کو بھیجنے کے فیصلے سے ناخوش نظر آئے، ان کا کہنا تھا ‘کاون کو بھیجنا ہماری صلاحیتوں کے فقدان اور جانوروں کی دیکھ بھال کی نااہلیت کو ظاہر کرتا ہے’

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں