10

امریکا ؛ ایک دن میں کورونا کے اسپتال میں داخل ہونے والے مریضوں کا ریکارڈ ٹوٹ گیا

واشنگٹن: امریکا میں گزشتہ روز کورونا سے متاثر ہونے والے 88 ہزار 80 مریض اسپتالوں میں داخل ہوئے جو کہ عالمی ریکارڈ ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا میں 24 گھنٹوں کے دوران اسپتالوں کے کورونا سینٹرز میں لائے گئے مریضوں کی تعداد 88 ہزار 80 ہے جو کہ ایک دن میں اسپتال میں داخل کیے گئے مریضوں کا عالمی ریکارڈ ہے۔

امریکی کووڈ ٹریکنگ پروجیکٹ کے مطابق گزشتہ روز ملک بھر میں 17 لاکھ 85 ہزار سے زائد افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے جس کے دوران ایک لاکھ 66 ہزار سے زیادہ افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔

دنیا بھر میں امریکا کورونا وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے اور اب تک ایک کروڑ 25 لاکھ سے زیادہ افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ اس مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 59 ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے۔

امریکا میں ان حالات میں بھی صدارتی انتخابات ہوئے اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست کا سامنا رہا، نو منتخب صدر جوبائیڈن نے اپنی پہلی ترجیح کورونا کو قرار دیا اور ٹرانزیکشن پیریڈ کے لیے ماہرین پر مشتمل ایک کمیٹی بھی تشکیل دیدی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں