7

بدقسمتی ہو تو ایسی! خاتون جواب جانتے ہوئے بھی 7 کروڑ روپے جیت نہ سکیں

بھارت کے نجی ٹی وی چینل ‘سونی ٹی وی’ پر نشر والے ریئلٹی گیم شو ‘کون بنے گا کروڑ پتی 12’ میں ایک خاتون نے جانتے ہوئے بھی سوال کا درست جواب نہ دے کر جیتے ہوئے 7 کروڑ روپے کھو دیے۔

جی ہاں، ‘کون بنے گا کروڑ پتی 12’ گیم شو کی 25 نومبر کی شب نشر ہونے والی قسط میں شامل ہونے والی ریاست چھتیس گڑھ کے شہر بسر کی استانی نے پوچھے گئے کرکٹ سے متعلق سوال کا جواب جانتے ہوئے بھی نہیں دیا اور انہوں نے گیم کو ادھورا چھوڑ کر جیتے ہوئے 7 کروڑ روپے بھی کھو دیے۔

ذرائع کے مطابق ‘کون بنے گا کروڑ پتی’ گیم شو کے بارہویں سیزن کی 25 نومبر کو نشر ہونے والی اہم ترین قسط میں چھتیس گڑھ کی استانی انوپما داس نے اگرچہ ایک کروڑ روپے جیتے تاہم وہ 7 کروڑ روپے جیتنے سے محروم رہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ انوپما داس نے 7 کروڑ روپے کے پوچھے گئے کرکٹ سے متعلق ایسے سوال کا جواب نہیں دیا، جس کا جواب وہ جانتی تھیں۔

تاہم خود پر یقین نہ ہونے اور سوال کے درست یا غلط ہونے کے حوالے سے کنفیوژن کے باعث انہوں نے جواب دینے کے بجائے گیم کو چھوڑنا ہی مناسب سمجھا، جس کے باعث وہ 7 کروڑ روپے جیتتے، جیتتے رہ گئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں