10

پاکستان میں کورونا وائرس کی نئی قسم کے کیسز سامنے آگئے

پاکستان میں کورونا وائرس کی نئی قسم کے کیسز کی تصدیق ہوگئی جو سب سے پہلے برطانیہ میں سامنے آئے تھے۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق وائرس کے جینیاتی تجزیے کے لیے برطانیہ سے آنے والے 12 افراد کے نمونے اکٹھے کیے گئے تھے، جس میں سے 6 مثبت آئے اور اس میں سے 3 نمونوں میں ابتدائی مرحلے میں کورونا وائرس کی نئی قسم ظاہر ہوئی۔

محکمہ صحت سندھ کی ترجمان میران یوسف نے ایک بیان میں بتایا کہ ‘جینیاتی تجزیہ میں ظاہر ہوا کہ وائرس میں آنے والی تبدیلیاں برطانیہ میں رپورٹ ہونے والی تبدیلیوں سے 95 فیصد ملتی جلتی ہیں‘۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ان مریضوں کے رابطے میں آنے والوں کو تلاش کرنے کا عمل جاری ہے اور انہیں آئیسولیٹ بھی کیا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ عالمی ادارہ صحت نے ہفتہ 26 دسمبر کو ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ وہ ‘کورونا وائرس کی نئی قسم کے حوالے سے برطانوی حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں’ اور مزید معلومات ملنے پر اسے حکومتوں اور عوام کو فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔

یاد رہے کہ برطانیہ میں دریافت ہونے والے نئے وائرس کو وی یو آئی 202012/01 یا لائنیج بی 117 کا نام دیا گیا ہے، اس وائرس کے پہلے کیس کی تصدیق 14 دسمبر کو کی گئی تھی۔

تاہم حکومت نے بتایا تھا کہ نئے وائرس کے نمونے ابتدائی طور پر 20 ستمبر کو ملے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں