10

بزنس کمیونٹی کے مسائل کا دور ختم ھوچکا ۔مرزا عبدالرحمن

اسلام آباد (خبر نگار )فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات مکمل ، بزنس مین پینل نے حریف گروپ یو بی جی کا صفایا کردیا۔ بی ایم پی کے ناصر حیات مگو صدر، خواجہ شاہ زیب اکرم بھاری اکثریت سے سینئر نائب صدر منتخب ہوگئے ۔ ہم ماضی سے زیادہ بڑھ کر بزنس کمیونٹی کی خدمت کریں گے۔ بزنس مین پینل کا عزم۔ تفصیلات کے مطابق فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ کے انتخابات گزشتہ روز فیڈریشن ہائوس کراچی میں منعقد ہوئے ۔ پاکستان کی بزنس کمیونٹی ، چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان کے چیمبرز و ایسوسی ایشنز نے پاکستان کے سب سے بڑے بزنس ادارے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات میں حصہ لیا۔ انتخابات پرامن ماحول میں بزنس مین پینل اور پروگریسیو گروپ کے الائنس نے حریف گروپ یو بی جی کا صفایا کردیااور پاکستان کی بزنس کمیونٹی نے بزنس مین پینل پر مکمل اعتماد اور بھاری اکثریت سے اپنے نمائندے منتخب کیے ۔ صدر اور سینئر نائب صدر کے علاوہ نائب صدور میں سندھ سے اطہر سلطان چاولہ ، حنیف لاکھانی ، خیبرپختونخوا سے محمد زاہد شاہ ، پنجاب سے محمد سلیم بھلر ،بلوچستان سے ناصر خان ، خواتین نشست پر فرزانہ علی بلوچ منتخب ہوگئے جبکہ فیڈرل ایریا سے مقابلہ ٹائی ہوا۔ یو بی جی نے عارف جیوا سمیت دو نشستوں پر کامیابی حاصل کی ۔ فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات میں میاں انجم نثار، سینیٹر حاجی غلام علی ، سلطان چاولہ ،زکریا عثمان ، قیصر خان دائود زئی اور بی این پی کے تمام ممبران اور ذمہ داران نے انتہائی کامیابی سے مہم چلاکر یو بی جی کا صفایا کردیا۔ اس موقع پر مرزا عبدالرحمن سابق ناب صدر ایف پی سی سی آئی و سربراہ لیگل امور بی ایم پی نے کہا ہے کہ ایف پی سی سی آئی میں بی ایم پی نے یو بی جی کا مکمل صفایا کردیا۔ بزنس مین پینل کے امیدواروں کی بھاری اکثریت سے کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ بی ایم پی قیادت ہی بزنس کمیونٹی کی اصل طاقت اور قوت ہے ۔ بزنس کمیونٹی کا بی ایم پی پر اعتماد پر ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پانچ سال اقتدار میں رہ کر بزنس کمیونٹی کے حقوق غضب کرنے اور فیڈریشن کے فنڈز پر ڈاکہ ڈال کر عیاشی کرنے والوں کو پاکستان کے غیور بزنس کمیونٹی نے ہمیشہ کیلئے مسترد کردیا ہے ۔ مرزا عبدالرحمن نے مزید کہا کہ فیڈریشن کے گزشتہ روز ہونے والے انتخابات میں بزنس مین پینل کے امیدوار ناصر حیات مگوکو صدر، خواجہ شاہ زیب اکرم کو سینئر نائب صدر ، محمد زاہد شاہ ، اطہر سلطان چاولہ، حنیف لاکھانی، چوہدری سلیم بھلر ‘ ناصر خان اور فرزانہ بلوچ کی بطور نائب صدور کامیابی پاکستان کی بزنس کمیونٹی کی کامیابی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ انشاء اللہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی کی مشکلات کا دور ختم ہو چکا ہے اب بزنس مین پینل کے قائدین اور ان کی ٹیم پاکستان کی بزنس کمیونٹی کیلئے دن رات کوشاں رہے گی اور ان کے مسائل کے حل کیلئے ہر محاذ پر بابنگ دہل جنگ لڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں پاکستان کو معاشی و تجارتی سطح پر مضبوط اور بزنس کمیونٹی کے مسائل کے خاتمہ کی صلاحیت صرف بی ایم پی ہی رکھتی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ میاں انجم نثار کی شاندارکارکردگی ، بزنس کمیونٹی کی مشکلات کے خاتمہ اور بزنس مین پینل کے تمام چاروں صوبوں کی کابینہ اور نمائندگان نے اس طرح مہم چلائی اور پاکستان کی بزنس کمیونٹی اور ایگزیکٹیو ممبران و جنرل باڈی ممبران نے جس طرح اعتماد کا اظہار کیا ہم اس پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ہم ماضی سے زیادہ بڑھ کر بزنس کمیونٹی کی خدمت کریں گے۔ اب بزنس کمیونٹی کی خوشحالی اور پاکستان کی معاشی ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوگا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں