7

حریم شاہ کی اداکاری کے میدان میں بھی انٹری

کراچی: پاکستانی ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے کے بعد اب باقاعدہ اداکاری کے میدان میں قدم رکھنے جارہی ہیں۔

حریم شاہ پاکستان کے پہلے او ٹی ٹی پلیٹ فارم (اسٹریمنگ ویب سائٹ) اردو فلکس کی ویب سیریز میں نظر آئیں گی۔ اردو فلکس کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے گزشتہ روز حریم شاہ کی پراجیکٹ سائن کرتے ہوئے تصویر شیئر کی گئی اور اعلان کیا گیا کہ حریم شاہ اردو فلکس کی ویب سیریز کے ذریعے اداکاری کی دنیامیں قدم رکھنے جارہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق حریم شاہ کو ویب سیریز ’’راز‘‘ میں بطور ہیروئن کاسٹ کیا گیا ہے۔ حریم شاہ نے ویب سیریز کا پرومو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کیا ہے۔

حریم شاہ کا شمار پاکستان کی مقبول ترین ٹک ٹاک اسٹارز میں ہوتا ہے۔ تاہم وہ اپنی ٹک ٹاک ویڈیوز سے زیادہ متنازع ویڈیوز کی وجہ سے زیادہ مشہور ہوئی ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف سیاستدانوں کے ساتھ منظرعام پر آنے والی تصاویر نے بھی حریم شاہ کی مقبولیت میں اضافہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں نیٹ فلکس کی طرز پر اردو فلکس کا پلیٹ فارم لانچ کیا جارہا ہے جہاں لوگ اردو میں اپنے پسندیدہ ڈرامے، فلمیں اور ویب سیریز دیکھ سکیں گے۔ پاکستان میں اردو فلکس کے لیے اوریجنل مواد پروڈیوس کیا جارہا ہے۔ اب تک اس پلیٹ فارم پر دو ویب سیریز کا اعلان کیا جاچکا ہے۔ جن میں پہلی علیزے شاہ کی ویب سیریز’’دلہن اور ایک رات‘‘ شامل ہے۔ جب کہ دوسری ویب سیریز حریم شاہ کو لے کر بنائی جارہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں