10

انڈسٹری کے فروغ کیلئے پاکستان مشینری کی امپورٹ پر ڈیوٹی کم کرے’ اطالوی سفیر
سی پیک و اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کرکے بھرپور مواقع موجود ہیں ، حاجی قربان علی
زراعت، سیاحت، توانائی وتعمیراتی شعبوں میں مشترکہ منصوبہ سازی کی وسیع گنجائش ہے ‘ مرزا عبدالرحمن

اسلام آباد(خبر نگار )اطالوی سفیر آندریاس فیریس نے کہا ہے کہ اٹلی پاکستان کیساتھ ایک نیا معاشی دور اور تجارتی تعاون شروع کرنا چاہتا ہے ۔ اطالوی حکومت پاکستان کے ساتھ ہر شعبے میں تعلقات کو مستحکم کرنے کیلئے پرعزم ہے ۔اٹلی میں تعمیراتی، زراعت ، سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ پاکستانی سرمایہ کاروں کو آگے آکر ان مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ اٹلی ماحولیاتی تحفظ، معاشی بہتری ، دو طرفہ تجارت اور دوطرفہ تعلقات کی مزید مضبوط کیلئے پاکستان کیساتھ بھرپور تعاون کرنا چاہتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز وفاقی ایوان ہائے تجارت و صنعت پاکستان کے کیپٹل آفس اسلام آباد کے دورے کے موقع پر کیا ۔ کیپٹل آفس کے سربراہ حاجی قربان علی اور کوآرڈینیٹر مرزا عبدالرحمن نے اطالوی سفیر کو خوش آمد ید کرتے ہوئے کہا کہ اٹلی یورپ میں پاکستان کا ایک اہم تجارتی شراکت دار ہے ۔ اٹلی میں پاکستان کی برآمدات ٹیکسٹائل اشیا ، چمڑے کی مصنوعات اور چاول میں بہت زیادہ تھیں۔ حاجی قربان علی اور مرزا عبدالرحمن نے اطالوی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت ملک بھر میں خصوصی اقتصادی زون قائم کیے جارہے ہیں ، جس میں سرمایہ کاروں کو غیر معمولی ٹیکس مراعات کی پیش کش کی گئی ہے۔اگر اطالوی کمپنیاں ان زونوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لیتی ہیں تو پاکستان ان کے لئے ایک منافع بخش مارکیٹ بن سکتا ہے۔پاکستان میں سیاحت، مائنز اینڈ منرل ، ہائیڈرو پاور پراجیکٹ ‘ تعمیراتی شعبے میں بھی سرمایہ کاری کے وسیع تر مواقع موجود ہیںجن سے اطالوی سرمایہ کاروں کو بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوںممالک میں زرعی ٹیکنالوجی ، پلاسٹک ، پروسیسڈ فوڈ ، دودھ ، مویشی ، فارماسیوٹیکلز اور ماحولیاتی تحفظ کے شعبوں میں معاشی اور تجارتی تعاون کو بڑھانے کی زبردست صلاحیت ہے۔ اٹلی پاکستانی سامان اور خدمات کی برآمدات کی ایک بڑی مارکیٹ بن رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اٹلی پاکستان میں تجارتی پارٹنر شپ سے ملکی برآمدات میں اضافہ ہوگا ۔ اٹلی کی معیشت مضبوط ہے اور سرمایہ کاری وسیع مواقع ہیں جن سے پاکستانی سرمایہ کار فائدہ اٹھائیں تعمیرات اور زراعت، سیاحت، ہائیڈرو پاور منصوبوں سمیت مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبہ سازی کی وسیع گنجائش ہے۔ انہوںنے کہا کہ ماربل انڈسٹری میں اٹلی کے تجربہ سے ملکی ماربل انڈسٹریز ترقی کرے گی او ر ماربل کی بیرون ملک برآمدات سے کثیر زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے۔چیئرمین ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس حاجی قربان علی نے کہا کہ پاکستان اٹلی کی مشینری اور ٹیکنالوجی سے امپورٹ کرسکتا ہے جس سے ہمارے ہاں ویلیو ایڈیشن کو فروغ ملے گا ۔اطالوی سفیر آندریاس فیریس نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مشینری کی امپورٹ پر ڈیوٹی ، کسٹم اور دیگر ٹیکسوں کو کم کرے تاکہ پاکستان میں انڈسٹری کو فروغ ملے اور پاکستان کی بزنس کمیونٹی اٹلی کی ٹیکنالوجی سے بھرپور استعفادہ حاصل کر سکے ۔ انہوں نے کہا کہ یورپین یونین سے پاکستان کی درآمدات کی فراہمی کی بڑی منڈیوں میں روم پہلی پوزیشن پر ہے ۔ پاکستان اور اٹلی کے مابین ہر گزرتے سال کیساتھ درآمد اور برآمد دونوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ معیشت کے مختلف شعبوں میں تجارت کی بہت بڑی صلاحیت موجود ہے جس سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔اٹلی پاکستان میں ایک بڑا سرمایہ کار ہے۔اقتصادی نقطہ نظر سے پاکستان ایک اہم ملک ہے۔ دونوں ممالک اپنے معاشی اور دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔ ڈیری اور مویشیوں ، زیتون اور زیتون کی مصنوعات ، پلاسٹک ، پروسیسڈ فوڈ اور تعمیراتی شعبے وہ علاقے ہیں جہاں اٹلی پاکستان کے ساتھ اپنا تعاون بڑھا سکتا ہے۔اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدور محمد علی قائد، سجاد سرور سمیت ایف پی سی سی آئی کے ایگزیکٹیو ممبران و مختلف چیمبرز و ایسوسی وایشنز کے عہدیداران بھی موجود تھے ۔ آخر میں حاجی قربان علی چیئرمین ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس او رمرزا عبدالرحمن کوآرڈینیٹر نے اطالوی سفیر کو فیڈریشن کی شیلڈ پیش کی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں