9

ایف پی سی سی آئی کے وفد کی چینی سفیر سے ملاقات
قربان علی چیئرمین ایف پی سی سی آئی نے پاک چین سرحد پر بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا
چینی سفیر نونگ رونگ کی مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی ، دونوں ملکوں کی بزنس کمیونٹی کومزید قریب لانے کا عزم

اسلام آباد(خبر نگار ) قربان علی چیئرمین وفاق ایوان ہائے تجارت وصنعت کیپٹل آفس کی سربراہی میں بزنس کمیونٹی کے وفد کی چین کے سفیرنونگ رونگ سے اہم ملاقات۔ سی پیک ، اقتصادی زونز، سمیت دو طرفہ تجارت اور باہمی تعاون کے حوالے سے تبادلہ خیال۔ ایف پی سی سی آئی کے وفد نے سست بارڈر پر درپیش مسائل سے آگاہ کیا ۔ چینی سفیر کی وفد کو مسائل کے حل کی یقین دہانی اوردونوں ممالک کی بزنس کمیونٹی کو مزید قریب لانے کے لیے اپنے عزم کا اظہار ۔ تفصیلات کے مطابق قربان علی چیئرمین ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس کی سربراہی میں بزنس کمیونٹی کے وفد نے گزشتہ روز پاکستان میں متعین چینی سفیرنونگ رونگ سے چینی سفارتخانے میں ملاقات کی ۔ وفد میں مرز اعبدالرحمن کوآرڈینیٹر ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس، محمد علی قائد سابق نائب صدر ایف پی سی سی آئی و فائونڈر نگر چیمبر، محبوب ربانی صدر ہنزہ چیمبر اورمشتاق حسین سابق صدرگلگت چیمبرشامل تھے۔ قربان علی چیئرمین ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس نے چینی سفیر کو گلگت بلتستان کا روایتی چغہ پہنایا ۔ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ایف پی سی سی آئی کے وفد نے چینی سفیر کو دوطرفہ تجارت اور بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پاک چین سرحدی تجارت میں ٹرانسپورٹ کرایوں کو کنٹرول ۔سرحدی چیک پوسٹ پر چینی حکام کی طرف سے پاکستانی بزنس کمیونٹی اور عوام کیساتھ رویہ کو بہتر بنانے ، خنجراب بارڈر کو سارا سال کھلا رکھنے اور ہفتہ وار چھٹیاں ختم کرکے پاک چین تجارت کو فروغ دینے پر زور دیا ۔ حاجی قربان علی نے مزیدکہا کہ چین کی طرف سے سی پیک منصوبہ پاکستان کے عوام اور بزنس کمیونٹی کیلئے ایک بہت بڑا تحفہ ہے ۔ سی پیک منصوبہ اور اقتصادی زونز میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں ۔ چین کی سفارش پر خنجراب سرحد پر کنٹینرز کو ان لوڈ کرنے سے ہونے والے گھمبیر مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس اقدام سے دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹی کو شدید نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے کیونکہ بارڈر پر کنٹینرز کی ان لوڈنگ اور وہاں سے سست کسٹم پورٹ تک ٹرانسپورٹیشن اضافی بوجھ بن رہا ہے ۔ اس حوالے سے حاجی قربان علی نے تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ خنجراب بارڈر پر وئیر ہائوس کی جگہ سست ڈرائی پورٹ تک کنٹینر زمال کی سپلائی کریں اور پاکستانی حکام اور تاجر برادری ایس او پیز پر عملدرآمد کرتے ہوئے سامان کی ترسیل یقینی بناسکیں ۔ انہوں نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ اور اقتصادی زونز ، سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو کی ۔ اس موقع پر چینی سفیر نونگ رونگ نے ایف پی سی سی آئی کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کی بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل کے جلد حل کی یقین دہانی کرائی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین آئرن برادر ملک ہیں ۔ ہماری کوشش ہے کہ دونوں ملکوں کی بزنس کمیونٹی کو مزید قریب لایا جائے ۔ ہم پوری دنیا کے سرمایہ کاروں کو سی پیک میں سرمایہ کاری کی دعوت دیں گے۔انہوں نے ایف پی سی سی آئی کیپٹل آفس کا جلد دورہ کرنے کا بھی اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جلد فیڈریشن کا دورہ کرکے پاکستان کی بزنس کمیونٹی سے ملاقات کروں گا تاکہ پاکستان اور چین کی بزنس کمیونٹی کے مسائل کے خاتمہ میں مدد مل سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں