8

’کرن ارجن‘ کی نمائش کےدوران مداحوں نے جوش میں سینما کو ہی آگ لگادی

مالے گاؤں: بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے ضلع ناشک کے شہر مالے گاؤں میں فلم ’کرن ارجن‘ کی نمائش کے دوران مداحوں نے جوش میں آکر سینما کو آگ لگادی۔

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان اور دبنگ اداکار سلمان خان بھارتی فلم انڈسٹری کے دو سب سے بڑے سپر اسٹارز ہیں۔ بھارت میں لوگ ان دونوں اداکاروں کو بے حد پسند کرتے ہیں۔ شائقین کو جب بھی دونوں اسٹارزکو ایک ساتھ دیکھتے ہیں تو پاگل ہوجاتے ہیں۔ دونوں خانز کے گھروں کے باہر ان کی ایک جھلک دیکھنے سے لے کر ان کی ایک ایک فلم ہزار بار دیکھنے تک لوگ دونوں سے اپنی محبت جتانے کے لیے کچھ بھی کرگزرتے ہیں۔

یہ بتانے کے ضرورت نہیں کہ جب شائقین تھیٹر میں شاہ رخ اور سلمان خان کی فلمیں دیکھتے ہیں تو ان کی خوشی کی کوئی حد نہیں ہوتی۔ اور کیا آپ تصور کرسکتے ہیں کہ جب یہ دونوں سپر اسٹار ایک ساتھ اسکرین پر جلوہ گر ہوں تو کیا ہوتا ہے؟ شائقین پاگل ہوجاتے ہیں۔ حال ہی میں مالے گاؤں میں جب شاہ رخ اور سلمان خان کی فلم’’کرن ارجن‘‘کی نمائش کی گئی تو حالات بد سے بد تر ہوتے گئے۔

دنیا بھر میں پھیلی کورونا وبا نے اینٹرٹینمنٹ انڈسٹری کو بھی بے حد متاثر کیا اور بالی ووڈ میں کئی ماہ سے تھیٹر بند ہونے کی وجہ سے تھیٹر مالکان سمیت چھوٹے آرٹسٹ بہت ہی مشکل دور سے گزر رہے ہیں۔ تاہم اب حالات آہستہ آہستہ بہتر ہونا شروع ہورہے ہیں۔ اور کئی ماہ سے بند پڑے تھیٹرز اور سینماز بھی کھلنے لگے ہیں۔

حال ہی میں مالے گاؤں میں ایک تھیٹر مالک نے کورونا وبا کے باعث ہونے والے نقصان کو پورا کرنے کی کوشش میں تھیٹر میں شاہ رخ خان اور سلمان خان کی 1995 میں ریلیز ہوئی فلم ’’کرن ارجن‘‘ دوبارہ ریلیز کی۔ اور دونوں خانز کے مداح پاگل ہوگئے۔ فلم کی نمائش کے دوران چند لوگوں کے ایک گروپ نے جوش میں آ کر تھیٹر کے اندر پٹاخے جلانے شروع کردئیے اور آگ بھڑک اٹھی۔ بعد ازاں آگ اتنی پھیل گئی کہ سینما کی نشستوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ تھیٹر اسٹاف نے آگ پر توقابو پالیا لیکن اس حادثے سے سینما مالک اتنا پریشان ہوا کہ اس نے فلم ’’کرن ارجن‘‘ سینما ہی سے ہٹادی۔

واقعے کے بارے میں بات کرتے ہوئے سینما مالک شیخ شفیق نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا مالے گاؤں کے تھیٹرز میں جب لوگ شاہ رخ خان اور سلمان خان کی فلمیں دیکھتے ہیں تو آؤٹ آف کنٹرول ہوجاتے ہیں۔ ہم ماضی میں بھی بھیانک تجربات کرچکے ہیں۔ جب بھی سینما میں شاہ رخ اور سلمان خان کی فلمیں لگتی ہیں تو لوگ اپنے ساتھ پٹاخے لے کر آجاتے ہیں اور فلم کی نمائش کے دوران پٹاخے جلاتے ہیں۔ لوگ تو یہ جوش میں آکر کرتے ہیں لیکن اس صورتحال میں ہمیں بہت مشکل ہوجاتی ہے۔

اس بار تو ہم اپنی املاک کو بچانے میں کامیاب ہوگئے لیکن آنے والے دنوں میں کیا ہوگا مجھے نہیں معلوم۔ جب شیخ شفیق سے پوچھا گیاکہ آپ ماضی میں اس طرح کی صورتحال کا سامنا کرچکے ہیں تو آپ نے اپنے تھیٹر میں کیوں فلم کی نمائش کی؟

جس پر سینما مالک نے جواب دیا مجھے معلوم ہے ہمیں ماضی میں بھی ہمیں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن لاک ڈاؤن کے دوران میری حالت کا تصور کریں۔ گزشتہ سال مارچ 2020 سے لاک ڈاؤن کی وجہ سے ہمارا بزنس بہت زیادہ متاثر ہوا ہے اور اب بھی بہتر نہیں ہوا ہے۔ شفیق شیخ نے نہایت شکست خوردہ لہجے میں پوچھا کہ میں کیا کروں کیا کوئی مجھے مشورہ دے گا۔

حادثے کے بعد شیخ شفیق نے شاہ رخ اور سلمان خان کی فلم تھیٹر سے اتار نے کا فیصلہ کیا اور اس کی جگہ اجے دیوگن کی ایک پرانی فلم’’ہلچل‘‘ چلارہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں