6

الیکشن کمیشن نے این اے 75 ضمنی انتخاب کا نتیجہ روک لیا

ڈسکہ: الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 ڈسکہ میں ضمنی انتخاب کا غیر حتمی سرکاری نتیجہ روک لیا ہے ۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز ڈسکہ سے قومی اسمبلی کے نشست این اے 75 پر ضمنی انتخاب ہوا تھا، حلقے میں تحریک انصاف کے علی اسجد خان اور (ن) لیگی امیدوار سیدہ نوشین افتخار کے درمیان کانٹے کا مقابلہ تھا۔

20 پولنگ اسیٹشنز کا عملہ نتائج کے ہمراہ ریٹرننگ افسر کے پاس نہیں پہنچ سکا تھا جس کی وجہ سے رات گئے تک مکمل نتائج سامنے نہیں آ سکے تھے۔ غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق (ن) لیگی امیدوار کو اپنے مدمقابل پر معمولی برتری حاصل تھی۔ جس کی وجہ سے دونوں جماعتوں نے اپنے اپنے امیدوار کی کامیابی کے دعوے کئے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ پریذائڈنگ افسران سے متعدد بار رابطے کی کوشش کی گئی مگر اس میں ناکامی ہوئی، کافی تگ و دو کے بعد صبح 6 بجے پریذائیڈنگ افسران پولنگ بیگز سمیت واپس ہوئے۔ ڈی آر او اور آر او کو ان پولنگ اسٹیشنز کے نتائج میں رد و بدل کا شبہ ہے۔ اس لئے مکمل انکوائری کیے بغیر این اے 75 کا نتیجہ جاری کرنا ممکن نہیں۔

واضح رہے کہ ڈسکہ میں گزشتہ روز پولنگ کے دوران امیدواروں کے حمایتیوں میں روایتی لڑائی جھگڑے اور پولنگ سست ہونے پر تلخ کلامی کے واقعات پیش آئے تھے، اس کے علاوہ فائرنگ کے ایک واقعے میں 2 افراد بھی جاں بحق ہوئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں